Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’2019 میں مسلمانوں نے خوراک اور دیگر اشیا پر2.2 ٹریلین ڈالر خرچ کیے‘

ہشام کعکی کے مطابق مسلم ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں استحکام ہی ترقی کی کلید ثابت ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ ایوان تجارت کے چیئرمین ہشام کعکی نے کہا ہے کہ مکہ میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں۔ مختلف شعبوں میں ہر طرح کی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔
ان کے مطابق سعودی وژن 2030 کے حوالے سے عمرہ، حج اور زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد میں اضافے کے پروگرام نے داخلی اور خارجی سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع مہیا کردیے ہیں۔
مکہ اخبار کے مطابق ایوان تجارت میں سعودی ازبک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’مسلمانان عالم نے 2019 کے دوران خوراک، دواﺅں اور طرز معاشرت پر 2.2 ٹریلین ڈالر خرچ کیے‘۔ 

ہشام کعکی نے کہا ہے کہ مکہ میں سرمایہ کاری کے بڑے امکانات ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

ہشام کعکی نے توقع ظاہر کی کہ مسلمانان عالم 2024 تک کھانے پینے کی اشیا، دواﺅں اور زندگی کی دیگر ضروریات پر 3.2 ٹریلین ڈالر تک خرچ کریں گے۔ آئندہ مرحلے میں مسلم ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں استحکام ہی ترقی کی کلید ثابت ہوگا۔
ہشام کعکی نے مزید کہا کہ سعودی ازبک بزنس فورم بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی اور سرمایہ کاری کے مزید اور مضبوط مواقع پیدا ہوں گے۔
ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ نے کہا سعودی عرب اور ازبکستان کے تاریخی تعلقات زندگی کے تمام شعبوں کا احاطہ کریں گے۔ ’ازبکستان ایشیا کے قلب میں واقع ہے۔ اس کی آبادی 33 ملین سے زیادہ ہے۔ یہ مصنوعات کی بڑی منڈی ہے۔ اس کے راستے 200 ملین سے زیادہ افراد تک رسائی ہوسکتی ہے‘۔
 

شیئر: