Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحت کا فروغ: غیر ملکیوں کے لیے ’عرب شینجن ویزہ‘ 

مملکت اور ابوظبی میں مقیم غیر ملکیوں کی تعداد 20 ملین سے زائد ہے (فوٹو: سبق نیوز)
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے مشترکہ ’عرب شینجن‘ ویزہ جاری کیا جائے گا۔ سعودی، اماراتی مشترکہ سیاحتی ویزے کے اجراء سے سالانہ لاکھوں غیر ملکی مستفید ہوں گے۔
مشترکہ ویزے کا اجراء آئندہ برس سے ہوگا جس سے دو طرفہ سیاحت کو بھی فروغ ملنے کا قوی امکان ہے۔
سبق نیوز نے اماراتی نیوز ایجنسی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقعے پر مختلف نوعیت کے سات معاہدے کیے گئے ہیں۔
معاہدوں میں عوامی مفاد کے لیے سب سے اہم باہمی سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے مشترکہ سیاحتی ویزے کا اجراء ہے جسے عرب شینجن ویزے کا نام دیا گیا ہے۔

مشترکہ ویزہ آئندہ برس سے جاری ہوگا  (فوٹو: خلیج آن لائن)  

اس ضمن میں سعودی قومی سیاحتی کمیٹی اور اماراتی وزارت معیشت کے مابین ویزوں کا اجراء اور طریقہ کار مقرر کرنے کے لیے معاملات طے کیے جا رہے ہیں جن کا اعلان جلد متوقع ہے۔
عرب مشترکہ ویزوں سے سعودی عرب اور متحدہ عرب ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کے سیاح بھی مستفید ہوں گے۔ مذکورہ ویزہ حاصل کرنے والے سیاح سعودی عرب اور امارات جا سکیں گے۔
یورپی ممالک کے مشترکہ ویزے کی طرز پر مذکورہ ویزے کو ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ عرب شینجین ویزے کے بارے میں اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشترکہ ویزہ پالیسی مرتب کرنے کے بعد آئندہ برس اسے شروع کر دیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور ابوظبی میں مقیم غیر ملکیوں کی تعداد 20 ملین سے زائد ہے۔ سالانہ بنیادوں پر امارات میں آنے والے سیاحوں کی تعداد 22 ملین بتائی جاتی ہے جبکہ سعودی عرب میں سالانہ 20 ملین کے قریب سیاح آتے ہیں۔
اماراتی وزیر معیشت سلطان المنصوری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ویزے کا اجراء سال 2020 میں کر دیا جائے گا۔
ویزے سے دو طرفہ سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ویزے کے اجراء کے مراحل کے حوالے سے وزیر معیشت کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرتے ہوئے آسان شرائط مقرر کی جائیں۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: