Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرامکو شیئرز کے لیے 49 لاکھ درخواستیں

آرامکو نے 47.4 ارب ریال مالیت کے شیئرز افراد کو فروخت کردیے۔
سامبا کیپٹل نے اعلان کیا ہے کہ سعودی آرامکو نے 47.4 ارب ریال مالیت کے 1.5ارب شیئرز مختلف افراد کو فروخت کردیے۔
آرامکو نے افراد اور اداروں کے لیے سعودی مارکیٹ میں شیئرز کے الگ الگ کوٹے مقرر کیے تھے۔ پہلے مرحلے میں اندرون ملک شیئرز فروخت کرنے کا پروگرام بنایا گیاتھا۔ 
افراد کے لیے حصص خریدنے کی تاریخ جمعرات کو ختم ہوگئی۔ افراد کی جانب سے کوٹے سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تاہم اداروں کو 4 دسمبر تک شیئرز خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔

اداروں کو 4 دسمبر تک شیئرز خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔

عاجل ویب سائٹ کے مطابق اداروں نے ابتدائی 12روز کے دوران 118.86 ارب ریال مالیت کے شیئرز خریدنے کی درخواستیں پیش کیں۔
آرامکو شیئرزکے لیے 49 لاکھ افراد نے درخواستیں دیں۔ ان کا تناسب 148 فیصد تک پہنچ گیا۔
سامبا کیپیٹل کے جاری اعلامیے کے مطابق حصص کے خریدار اداروں کی درخواستوں کے پہلے مرحلے میں سعودی کمپنیوں کی تعداد 54 فیصد تک پہنچ گئی۔ سعودی فنڈز24.1 فیصد اور غیر سعودی سرمایہ کاروں کا تناسب 10.5فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

آرامکو شیئرزکے لیے 49 لاکھ افراد نے درخواستیں دیں۔

 سامبا کی مجلس انتظامیہ کی ڈپٹی چیئرپرسن رانیا نشار نے بتایا، ’افراد نے پہلے دن سے لے کر آخری دن کے آخری لمحے تک آرامکو کے شیئرز خریدنے میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ یہ آرامکو کے لیے باعث فخر ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کامیاب رہا۔ اس سے آرامکو کی ساکھ میں اضافہ ہوا‘۔
الاھلی کیپٹل کی ایگزیکٹیو چیئرپرسن سارہ السحیمی نے بتایا ’ شیئرز خریدنے کے لیے اداروں کی جانب سے بھی جوش وخروش دیکھا جارہا ہے۔ یقین ہے کہ اداروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری کے لیے درخواستیں ریکارڈ تعداد میں موصول ہوں گی۔‘
واضح رہے کہ آرامکو نے 17 نومبر کو شیئرز کی فروخت شروع کی تھی۔ افراد کے لیے اس کا سلسلہ جمعرات 28 نومبر کو مکمل ہوگیا۔ آرامکو زیادہ سے زیادہ 0.5 فیصد شیئرز افراد کوفروخت کرنے کا ہدف متعین کیے ہوئے ہے جبکہ اداروں کے لیے ایک فیصد شیئرز کی حد مقرر کرچکی ہے۔
آرامکو کو شیئرز کی فروخت سے 24 سے 25.6 ارب ڈالر تک حاصل ہونے کی امید ہے۔

شیئر: