Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی ہسپتالوں کے لیے نئے احکامات کیا ہیں؟

وزیر صحت نے امور صحت کے ضابطے میں مزید تبدیلیاں کی ہیں۔
 سعودی عرب کی وزارت صحت نے نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کو 24 گھنٹے تمام شعبوں کے ماہرین کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
 اس پابندی کا مقصد مریضوں کو بہتر سہو لتیں مہیا کرنا ہے تاکہ انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے بہترین مفاد کے پیش نظر وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے امور صحت کے ضابطے میں مزید تبدیلیاں کی ہیں۔

وزارت صحت نے نجی ہسپتالوں کو 24 گھنٹے ماہرین کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی، فوٹو: سوشل میڈیا

مقامی نیوز ویب اخبار 24 نے وزارت صحت کے اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ وزیرصحت نے گذشتہ دنوں نجی ہسپتالوں کے قواعد میں متعدد ترامیم کی ہیں جن میں ہسپتال انتظامیہ کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی ڈیوٹیاں شفٹوں میں لگائیں۔
 ضابطے میں تبدیلیوں کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ایک کنسلٹنٹ ہسپتال میں زیرعلاج زیادہ سے زیادہ 30 مریضوں کا فالو اپ کرسکتا ہے یعنی 30 مریضوں پر ایک کنسلٹنٹ مقرر کیا جائے۔ ڈیوٹی ڈاکٹر کے لیے زیادہ سے زیادہ حد 20 مریضوں کی مقرر کی گئی ہے ۔
ہسپتال میں 25 بیڈز کے لیے کم سے کم ایک ڈاکٹر ہر وقت موجود ہونا چاہیے۔ ایمرجنسی وارڈ میں 10 مریضوں پر ایک ڈیوٹی ڈاکٹر اور دو نرسوں کی موجودگی ضروری ہے۔

ڈیوٹی ڈاکٹر کے لیے زیادہ سے زیادہ حد 20 مریضوں کی مقرر  ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

سپیشلسٹ ہسپتال اور ایمرجنسی وارڈ میں ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔ سپیشلسٹ ہسپتالوں میں ہنگامی استعمال کے لیے ایک وارڈ مخصوص کیا جائے جہاں تمام ضروری آلات اور ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی دوائیں موجود ہوں۔
ترمیم شدہ ضوابط میں مزید کہا گیا کہ ایسے ہسپتال جہاں میٹرنٹی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے وہاں ایک سپیشلسٹ یا اس کا نائب 24 گھنٹے دستیاب ہونا چاہیے۔
میٹرنٹی کی سہولت والے ہسپتالوں میں آپریشن تھیٹر اور نومولود بچوں کے لیے خصوصی انتظامات سے آراستہ کمروں کی سہولت فراہم کی جائے ۔ ایسے بچے جن کی قبل از وقت ولادت ہونے کی وجہ سے ان کی نشوونمو مناسب نہیں ہوتی ایسے بچوں کے لیے خصوصی انکیوبیٹرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: