Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پا کستان میں ایگزم بینک کے قیام کی تجویز

پاکستان میں اسلامی بینکاری فروغ پارہی ہے۔.فوٹو ۔ پاکستان قونصلیٹ
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کو تجویز دی ہے کہ اسلامی بینکاری میں تربیتی کورسز تیار کریں کیونکہ پاکستان میں اسلامی بینکاری فروغ پارہی ہے۔ 
 حماد اظہر نے جمعرات کو جدہ میں آئی ٹی ایف سی کے ایک روزہ سیمینار میں شرکت کی ہے۔
 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی پی )کے بانی ممبروں میں سے ایک ہے۔ پاکستان، آئی ڈی پی سے فائدہ اٹھانے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک پاکستان کے لیے 12.43 بلین ڈالر کی فنانسنگ کی ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں  میں اسلامی ترقیاتی بینک کی امداد کو سراہا۔فوٹو ۔ پاکستان قونصلیٹ

وفاقی وزیر نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں خصوصا پولیو کے خاتمے کے منصوبے میں اسلامی ترقیاتی بینک کی امداد کو سراہا۔
 حماد اظہر کا کہنا تھا ’ پاکستان کی 40 فیصد معیشت چھوٹے صنعتی یونٹس پر مبنی ہے۔ برآمدات پر مبنی معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں‘۔
’ پاکستان کی ترقی میںسی پیک کا اہم کردار ہے اور یہ تمام ملکوںکو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے‘۔

حماد اظہر نے مسلم ممالک کے ماہر معاشیات اور مالیاتی مشیروں اور بینکوں کے سی ای او سے بھی بات چیت کی ۔فوٹو ۔ پاکستان قونصلیٹ

حماد اظہر نے مسلم ملکوں میں تجارت کے فروغ کے ذریعے لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے آئی ٹی ایف سی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
 پاکستانی وزیر نے سیمینار کے دوران پینل بحث میں بھی حصہ لیتے ہوئے کہا’ عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مسلم ممالک کے مابین تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے‘۔
حماد اظہر نے مسلم ممالک کے ماہر معاشیات اور مالیاتی مشیروں اور بینکوں کے سی ای او سے بھی بات چیت کی ۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے بتایا ’ پا کستان میں ایگزم بینک کے قیام کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی اسلا می تجارتی مالیاتی کارپوریشن سے بینک قائم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ ہماری برآمدات میں مدد مل سکے‘۔
 یاد رہے بین الاقوامی اسلا می تجارتی مالیاتی کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی ) اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت خودمختار ادارہ ہے جس کا مقصد مسلم ممالک کے لوگوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے تجارت کو فروغ دینا ہے۔ 
 قبل ازیں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے جمعرات کوجدہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدرڈاکٹر بندر الحجر سے اہم ملاقات کی۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر  نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہارکیا.فوٹو ۔ پاکستان قونصلیٹ

 پاکستان میں جاری پانچ منصوبوں سمیت پاکستان میں اہم معاشی منصوبوں کی مالی اعانت میں آئی ڈی بی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
 حماد اظہرنے اسلامی ترقیاتی بینک کے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے اور بجٹ میں مالیاتی بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی تجویز پیش کی ۔ 
حماد اظہر نے آئی ڈی پی کے سربراہ کو اسلام آباد میں بینک کا علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہارکیا اور بتایاکہ پاکستان کو اسلامی ترقیاتی بینک کے کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا گیاہے۔

شیئر: