Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی کا مطالبہ

کھیتوں کو سیراب کرنے کے لیے ڈیم سے 20 ملین مکعب میٹر پانی چھوڑا گیا (فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ ریجن کی القنفذہ کمشنری کے مزارعین نے کہا ہے کہ ’وزارت کی طرف سے فراہم کیا جانے والا پانی کھیتوں کو سیراب کرنے کے لیے کافی نہیں۔ اچھی فصل کے لیے انہیں مزید پانی فراہم کیا جائے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق القنفذہ کمشنری میں 450 سے زیادہ باغات اور کھیت ہیں جنہیں سیراب کرنے کے لیے وادی حلی ڈیم سے 20 ملین مکعب میٹر پانی چھوڑا گیا ہے۔ بعد ازاں وزارت کے اہلکاروں نے ڈیم کے دروازے بند کر دیے۔
القنفذہ کے مزارعین نے کہا ہے کہ ’پانی چھوڑنے کے بعد 21 کلو میٹر تک کی زمینیں سیراب ہوئیں جبکہ اس کے بعد پانی کی مقدار کم ہونا شروع ہوگئی۔‘

پانی چھوڑنے کے بعد 21 کلو میٹر تک کی زمینیں سیراب ہوئیں (فوٹو: سبق)

مزارعین کا کہنا ہے کہ ’وادی کی تمام زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے مزید پانی چھوڑنے کی درخواست متعلقہ وزارت کے حکام سے کرتے ہیں۔‘
دوسری طرف مکہ مکرمہ ریجن میں وزارت پانی کے دفتر کے سربراہ انجینئر سعید جار اللہ الغامدی نے کہا ہے کہ ’ہمیں اندازہ ہے کہ مزارعین کو پانی کی مزید ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’مزارعین کی حقیقی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو بہت جلد متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔‘

 مزارعین کی حقیقی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے (فوٹو: سبق)

انہوں نے بتایا ہے کہ ’وادی حلی کا ڈیم علاقہ کی ضرورت کے لیے ہے ۔ ماہرین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ مزید پانی چھوڑنے سے کہیں نقصان تو نہیں ہوگا۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔‘
واضح رہے کہ وادی حلی ڈیم علاقہ کا سب بڑا ڈیم ہے جس میں 254 ملین میٹر مکعب پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کی لمبائی 57 میٹر جبکہ چوڑائی 284 میٹر ہے۔ گذشتہ دنوں مسلسل بارش کے وجہ سے ڈیم میں پانی کے ذخیرہ میں اضافہ ہوا ہے۔
 

شیئر: