Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بولیویا میں کرنسی نوٹوں سے بھرا فوجی طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی

بولیویا کے دارالحکومت لاپاز کے قریب کرنسی نوٹوں سے بھرا ایک فوجی کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی پولیس نے جمعے کو ہلاکتوں میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔
سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ ایل آلٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے پھسل کر قریبی شاہراہ پر جا گرا۔
مقامی میڈیا کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے نے سڑک پر موجود کم از کم ایک کار کو کچل دیا جبکہ کئی ٹرکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ایل آلٹو میں پولیس کے ہومیسائیڈ ڈویژن کے سربراہ کرنل رینے ٹامبو نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 کے قریب ہے جو شاید اس سے کچھ زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔‘
اس سے قبل فائر فائٹرز نے 15 ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی۔
بولیویا کی فضائیہ کے جنرل سرجیو لورا کے مطابق سانتا کروز سے آنے والے اس طیارے کے عملے کے چھ ارکان میں سے دو کا تاحال سراغ نہیں مل سکا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں سڑک پر طیارے کا ملبہ، تباہ شدہ گاڑیاں اور لاشیں بکھری ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کم از کم 15 گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔
یہ طیارہ سرکاری رقم لاپاز منتقل کر رہا تھا۔ حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں عام لوگوں کو جائے وقوعہ پر بکھرے ہوئے نوٹ جمع کرنے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اینٹی رائٹ فورس انہیں منتشر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوٹ جمع کرنے والے سینکڑوں افراد کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فوجیوں اور 100 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جنہوں نے ہجوم کو منتشر کر کے علاقے کا کنٹرول سنبھالا۔
بولیویا کے سینٹرل بینک کے صدر ڈیوڈ اسپینوزا کی موجودگی میں پولیس اور فوجی اہلکاروں نے نوٹوں کے بکسوں کو آگ لگا دی۔ بینک صدر کا کہنا تھا کہ ان نوٹوں کی ’کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے کیونکہ یہ کبھی سرکولیشن میں ہی نہیں آئے۔‘ تاہم انہوں نے اس جملے کی مزید وضاحت نہیں کی۔
اسپینوزا نے طیارے میں موجود رقم کی کل مالیت تو ظاہر نہیں کی البتہ یہ بتایا کہ یہ نوٹ بیرون ملک سے سانتا کروز پہنچے تھے۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

 

شیئر: