Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  انشورنس  قوانین کی خلاف ورزی پر 4 کمپنیاں بند 

متاثرہ صارفین شکایات کے لیے ٹول فری نمبر پر رجوع کر سکتے ہیں ۔ فوٹو ، سوشل میڈیا
سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی  " ساما " نے مملکت میں 4 انشورنس کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے قوانین پر عمل نہ کرنے اور ہیلتھ انشورنس کونسل کومناسب  جواب نہ دینے پر تادیبی کارروائی کی گئی ۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ' ایس پی اے ' کے مطابق جن کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ' الوفاء انشورنس کمپنی ، نجم التظافر انشورنس  ، وثیقتی انشورنس اور مزون النما ء انشورنس کمپنی شامل ہے۔
' ساما ' کا کہنا ہے کہ مذکورہ انشورنس کمپپنیوں کے خلاف طبی شعبوں کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی نے جنرل ہیلتھ انشورنس کونسل کے توسط سے خلاف ورزیوں پر جواب طلب کیا تھا ۔

انشورنس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ' ساما' کی اہم ذمہ داری میں شامل ۔ فوٹو ، اخبار 24 

قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں نے کونسل کی جانب سے استفسار کا جواب دیا اور نہ ہی خلاف ورزیو ں کا تدارک کیا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ بالا تمام کمپنیوں کو کام کرنے سے روک دیا گیا ۔
سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کی شق نمبر 18  جو کہ کمپنیوں کی نگرانی سے متعلق ہے پر عمل کرتے ہوئے خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں کو نہ صرف کام کرنے سے روکا گیا ہے بلکہ انکے بارے میں متعلقہ اداروں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ ان سے کسی قسم کا لین دین نہ کیا جائے ۔
' ساما' کا کہنا ہے کہ میڈیکل انشورنس کے قوانیں پر عمل درآمد کرانا سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی کی اہم ذمہ داری ہے ، جو کمپنیاں یا ادارے قوانین پر عمل نہیں کرتیں ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔
اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو مذکورہ کمپنی کے متاثرین میں شامل ہیں انہیں چاہئے کہ فوری طور پر اپنے معاملات نمٹانے کے لیے متعلقہ کمپنی سے رجوع کریں ۔
 مذکورہ کمپنیوں کے متاثرہ صارفین کو اپنے مطالبات ریکارڈ کرانے کے 3  ماہ کے اندر حقوق نہ ملیں تو وہ کسی تاخیر کے بغیر  "ادارہ تحفظ حقوق صارفین" سے رجوع کر کے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں ۔
اس ضمن میں ویب سائٹ پر خصوصی برائوز ' ساما تھتم ' کے عنوان سے اپ لوڈ کی ہے جس کا ایڈرس www.samacares.saہے کے علاوہ ٹول فوری نمبر 8001256666 پر اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ۔

شیئر: