Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کیس میں سترہ رکنی گروہ کو 72 برس قید

گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں جال پھیلائے ہوئے تھا۔فوٹو: الشرق الاوسط
 سعودی عرب کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سترہ ملزمان کو مجموعی طور پر 72 برس قید کی سزاسنا ئی ہے۔ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔
سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار کے مطابق مملکت کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں سرگرم 17رکنی گروہ کا پتہ چلا تھا۔
 یہ گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں جال پھیلائے ہوئے تھا۔ ایک رکن کے پکڑے جانے پر پوچھ گچھ کے نتیجے میں گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔فوٹو: الشرق الاوسط

عاجل ویب سائٹ کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گروہ کے سرغنہ دو غیر ملکی تھے۔
 دونوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرتے اور انہیں مملکت میں محفوظ مقام پر منتقل کرکے ترسیل زر کررہے تھے۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے مزید بتایا تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا کہ گروہ مربوط اور منظم انداز میں کام کررہا تھا۔ بعض سرکاری اہلکار ان کی مدد کررہے تھے۔ تمام گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاگیا ۔
پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف 120سے زیادہ شواہد جمع کرکے فرد جرم کے ساتھ متعلقہ عدالت کے حوالے کیا تھا۔
عدالت نے تمام شواہد کو دیکھتے ہوئے ملزمان کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا۔ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔ 10لاکھ ریال سے زیادہ نقدا ور دوگاڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔

شیئر: