Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز

مئی میں خصوصی پرواز 320 پاکستانیوں کو کوالالمپور سے اسلام آباد لائی تھی۔ فائل فوٹو: سوشل میڈیا
ملائیشیا سے رہا ہونے والے 300 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پاکستان ایئر لائن 31 دسمبر کو کوالالمپور سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلا رہی ہے۔
پاکستان قومی ایئرلائن ’پی آئی اے‘ کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 9895 کوالالمپور کے مقامی وقت کے مطابق 30 اور31 دسمبر کی درمیانی رات ساڑھے تین بجے روانہ ہو گی اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری مختلف وجوہات کی بنا پر ملائیشین حکام کی تحویل میں تھے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے پاکستانی شہریوں کی رہائی ممکن ہوئی ہے۔

 اکثر پاکستانی ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود ملائیشیا میں مقیم تھے۔ فائل فوٹو

عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اتنی جلدی لانے کے لیے کوئی ایئر لائن تیار نہ تھی جس کے بعد پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر اس معاملے کو اہم قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ہم وطنوں کو واپس پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کے پی آئی اے نے ہمیشہ قومی ضرورت کے وقت اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے قدم بڑھایا ہے اور پاکستانی بھائیوں کو بیرون ملک کبھی بے یار و مددگار نہیں چھوڑا۔
رواں سال مئی میں بھی پی آئی اے کی خصوصی پرواز عید الفطر سے پہلے 320 پاکستانیوں کو کوالالمپور سے لے کر اسلام آباد آئی تھی۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ پاکستانی ملائیشیا کی جیلوں میں اپنی سزا پوری کر چکے تھے اور اس میں سے بیشتر اپنا واپسی کا ٹکٹ خریدنے کی سکت بھی نہیں رکھتے تھے۔

شیئر: