Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام میں کار بم دھماکے کی کوشش ناکام

سکیورٹی ادارے کے ترجمان نے دمام میں دہشتگردی کی کارروائی ناکام بنانے کا بیان جاری کیا۔  فوٹو: ایس پی اے
 سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے کار بم دھماکے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ریاستی سلامتی کے ادارے کے ترجمان نے بدھ 25 دسمبر کو دمام میں دہشتگردی کے واقعہ سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے واس کے مطابق ترجمان نے بتایا ہے کہ ریاستی سلامتی کے ادارے کو رپورٹ ملی تھی کہ بعض دہشتگرد حملے کی تیاری کر رہے ہیں اور اس میں بارود سے لدی گاڑی کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔ 

 پولیس کو مطلوب دو ملزمان مارے گئے جو سعودی شہری ہیں۔ فوٹو: ایس پی اے

سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے گاڑی کی نشاندہی کی جسے دو دہشتگرد دمام شہر کی کنگ سعود سٹریٹ میں چلا رہے تھے۔ دونوں سے خود کو حوالے کرنے کے لیے کہا گیا۔ پولیس کی وارننگ نظر انداز کرکے ملزمان نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی اور ایک عمارت میں مورچہ بند ہوگئے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کی جس میں پولیس کو پہلے سے مطلوب احمد عبداللہ سعید سوید اور عبداللہ حسین سعید آل نمر مارے گئے۔ مارے گئے دونوں افراد سعودی شہری ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے آپریشن کے دوران ایک اور دہشتگرد کو گرفتار کرلیا تاہم ابھی اس کا نام ظاہر نہیں کیا جا رہا اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ 

دہشتگرد حملے کے لیے تیار کی گئی گاڑی سے مشین گن، دو پستول اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔ فوٹو: ایس پی اے

دہشتگرد حملے کے لیے تیار کی گئی گاڑی سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی معائنے سے پتہ چلا کہ یہ آر ڈی ایکس مواد تھا۔ ایک مشین گن، دو پستول، گولہ بارود اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
ریاستی سلامتی کے ادارے کے مطابق ’سیکیورٹی اہلکار جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں وطن عزیز سعودی عرب، عوام اور مقیم غیر ملکیوں کے امن و استحکام کو متاثرکرنے والی سرگرمیوں سے روکنے کے لیے اپنا فرض ادا کرہے ہیں‘۔
 ادارے کے ترجمان نے مزید کہا ’یہ افراد خارجی دشمنوں کی ایما پر دہشتگردانہ سرگرمیاں کر رہے ہیں لیکن انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘۔

شیئر: