Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال 2019 سعودی عرب میں انقلابی تبدیلیاں لے کر آیا

اس سال پہلی مرتبہ خواتین کے لیے سپورٹس کلب کے قیام کے اجازت نامے جاری کر کے لیڈیز سپورٹس کلب کھولے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب میں سال 2019 ملکی تاریخ میں دور رس نتائج کی حامل تبدیلیوں کے لیے یاد رکھا جائے گا جن میں معاشی میدان میں آرامکو کے شیئرز کا عام ہونا اور ثقافت اور سیاحت میں انقلابی اقدامات شامل ہیں۔
عللاہ ازیں اس سال خواتین کے لیے مختلف شعبوں میں مزید راستے کھول کر ان کی شرکت کے مواقع بڑھائے گئے جبکہ کئی محکموں میں سعودیائزیشن کے اعلانات ہوئے۔ اس سال سعودی عرب میں کیا کیا تبدیلیاں رونما ہوئیں، اس پر ایک نظر: 

اہم واقعات

سال 2019 کے آغاز ہی میں جنوری میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ملزمان پر مقدمے کی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔ اور سال کے آخر میں اس مقدمے میں شامل کئی افراد کو سزائیں سنا دی گئیں۔
جنوری ہی میں نئے تعمیر ہونے والے سیاحتی شہر نیوم کے ہوائی اڈے پر سعودی ائر لائنز کی پرواز اتری۔
اسی مہینے شاہ سلمان نے پائیدار زرعی دیہی ترقیاتی پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔
اس سال سعودی عرب نے مواصلات کے لیے مخصوص ایس جی ایس ون مصنوعی سیارہ روانہ کیا اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں کنگ عبداللہ بندرگاہ کا افتتاح بھی کیا گیا۔

 سال 2019 میں سعودی عرب تجارتی، سیاسی، سیاحتی، ثقافتی اور تفریح کے شعبوں میں بڑی تبدیلیوں کے ذریعے خبروں کا مرکز رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

شہزادی ریما بنت بندر کو امریکہ میں سعودی سفیر بدرجہ وزیر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایک شاہی فرمان کے ذریعے القاعدہ تنظیم کے سابق رہنما اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شہریت ختم کی گئی۔
آرامکو کمپنی نے سابک کے 70 فیصد حصص پبلک انویسمنٹ فنڈ سے 69.1 ارب ڈالر میں خرید لیے۔

سیاحت اور ثقافت کے شعبوں کی بڑی تبدیلیاں

سعودی عرب میں  تفریحات اور سیاحت کے شعبوں میں 2019ء کے دوران بڑی تبدیلیاں ہوئیں۔

کنگ سعود یونیورسٹی میں سپورٹس اتھارٹی نے ریاض انٹرنیشنل میراتھن کا انعقاد کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

جن میں سے ایک محکمہ تفریحات کا قیام تھا۔ اس محکمے کے ذریعے سعودی عرب میں تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا اور اس کے تمام علاقوں میں ہر درجے کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو معیاری تفریحی پروگرام دیکھنے کو ملے۔
بحر احمر کے نام سے بین الاقوامی سیاحتی منصوبہ شروع کیا گیا۔
65 ممالک کے شہریوں کے لیے سیاحتی ویزے کے قانون پرعمل درآمد کا آغاز کیا گیا۔
سعودی عرب کے اہم شہروں میں سینما گھروں کا افتتاح کیا گیا اور ایک بین الاقوامی کمپنی نے 30 نئے سینما گھر کھولنے کا اعلان کیا۔
جدہ میں اوپرا ہاؤس کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔ اور سعودی عرب میں انتر اور عبلہ کے نام سے پہلا اوپرا پیش کیا گیا۔
مصنوعی سیارے نائل سیٹ پر نیا سعودی چینل ایس بی سی شروع کیا گیا۔

جیلوں میں کام کرنے والی سعودی سپاہی خواتین کو اسلحہ کے استعمال اور ورزش کا پابند بنایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب نے پہلی بار اپنے یہاں منعقد ہونے والے سیاحتی و تفریحی پروگراموں میں شرکت کے لیے سیاحتی ویزے بھی جاری کیے۔

خواتین کے لیے نئی آزادیاں

سعودی عرب کے گرلز سکولوں میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی ورزش پروگرام کا نفاذ تھا۔
 اس سال چھیڑ خانی کے جرم کے انسداد کے قانون پر عملدرآمد بھی سختی سے شروع کیا گیا۔
خواتین کو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔
21 برس سے زیادہ عمر کی سعودی خواتین کو سعودی پاسپورٹ حاصل کرنے کی اجازت دے دی گئی اور سرپرست کی اجازت کی شرط سفر کے لیے ختم کر دی گئی۔

سال 2019 میں جدہ میں محمد علی کلے کپ کے لیے انٹرنیشنل باکسنگ سپر کپ کا فائنل ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی خواتین کو بچوں کی پیدائش، وفات، شادی،  طلاق اور خلع وغیرہ کی رپورٹ از خود کرنے کا حق دیا گیا۔
پانچ سعودی خواتین کو پہلی بار فضائی کمپنیوں کے طیارے اڑانے کی اجازت دی گئی۔
سعودی سرکاری ٹی وی چینل کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کو خبرنامہ پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
اس سال سعودی عرب نے ٹیکنالوجی کے شعبوں اور دکانوں میں خواتین کو بڑے پیمانے پر ملازمت کے مواقع مہیا کیے۔
خواتین کو اپنے سرپرست کی منظوری کے بغیر نجی کاروبار کی اجازت دی گئی۔
خواتین کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے اور ان کے بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات میں امیدوار بننے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
خواتین کو وکالت کا ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد وکالت شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔
زندگی کے مختلف شعبوں میں قائد خواتین کا اعزاز عطا کیا گیا۔

سعودی عرب نے ریاض شہر کے کنگ فہد سٹیڈیم میں گاڑیوں کی ریس کے ٹورنامنٹ کا انتظام کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

جیلوں میں کام کرنے والی سعودی سپاہی خواتین کو اسلحہ کے استعمال اور ورزش کا پابند بنایا گیا۔
خواتین کو خادم حرمین شریفین سے بیعت پروگرام میں حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔
17 برس سے کم عمر کی لڑکیوں کی شادی کے رواج کی حوصلہ شکنی کا قانون بنایا گیا۔ آئندہ 18برس سے کم عمر کی کوئی بھی لڑکی خصوصی عدالت کی اجازت کے بغیر شادی نہیں کرسکتی۔

کھیلوں کی سرگرمیاں

سعودی عرب کے کھیلوں کے شعبے میں بھی سال 2019 کے دوران کئی تبدیلیاں سامنے آئیں۔
اس سال پہلی مرتبہ خواتین کے لیے سپورٹس کلب کے قیام کے اجازت نامے جاری کیے گئے اور مملکت میں لیڈیز سپورٹس کلب کھولے گئے۔

سعودی سرکاری ٹی وی چینل کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کو خبرنامہ پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب نے ریاض شہر کے کنگ فہد سٹیڈیم میں گاڑیوں کی ریس کے ٹورنامنٹ کا انتظام کیا اور فارمولا ای الدرعیہ ریس کا انعقادہوا۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں سپورٹس اتھارٹی نے ریاض انٹرنیشنل میراتھن کا انتظام کیا۔ اس میں ملک بھر سے ہر عمر کے لوگوں نے شرکت کی۔ جدہ میں محمدعلی کلے کپ کے لیے انٹرنیشنل باکسنگ سپر کپ کا فائنل ہوا۔

مسجد الحرام میں توسیع

سال 2019 میں حج اور عمرے کے زائرین کی اضافی تعداد کے بندوبست کے لیے مسجد الحرام کی توسیع کے منصوبے کو بھی مزید آگے بڑھایا گیا اور اس کے پانچ حصے مکمل کیے گئے۔

شیئر: