Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری نے اینکر کو تھپڑ کیوں مارا؟

فواد چوہدری اور مبشر لقمان کے درمیان جھگڑا ہاتھا پائی تک پہنچ گیا، فوٹو: سوشل میڈیا
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی سینیئر صحافی مبشر لقمان کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں ہاتھا پائی کی خبرسوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔
سوشل میڈیا پر خبر اور تصاویر زیر گردش ہیں کہ لاہور میں وزیر آب پاشی پنجاب محسن لغاری کے بیٹے کی شادی کی تقریب کے موقع پر فواد چوہدری اور نجی ٹی وی کے اینکر مبشر لقمان کے درمیان جھگڑا ہوا اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

 

سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ مبشر لقمان جیسے لوگوں کا صحافت سے کوئی تعلق نہیں،  یہ وہ ۔۔۔۔۔۔ ہیں جوصحافت میں گھس گئی ہیں، ان ۔۔۔۔۔ کو  بے نقاب کرنا سب کا فرض ہے۔‘

اس سے قبل سنیچر کے روز وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسی حوالے سے نام لیے بغیر سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ٹویٹ کی تھی۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ بعض دو ٹکے کے نام نہاد صحافیوں نے اپنا یوٹیوب چینل کامیاب کرانے کا طریقہ یہ اختیار کیا ہے کہ وزرا اور باعزت لوگوں پر الزامات لگائیں، کیونکہ کسی نے کچھ کہنا تو ہے نہیں ،البتہ ان کو ہِٹس مل جائیں گے۔ ایسے لوگوں کی نہ اپنی کوئی عزت ہے نہ وہ دوسرے کی عزت کو سمجھتے ہیں۔‘
وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹر بیان کے ذریعے خبردار کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو فعال کیا گیا ہے اور جلد بڑا بلیک میلر گروپ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’ان لوگوں کے پیچھے کون ہے یہ پہچانے جا چکے ہیں اور مکمل کہانی جلد سامنے لائی جائے گی۔‘
یاد رہے کہ چند ماہ قبل فواد چوہدری نے فیصل آباد میں شادی کی ایک تقریب کے موقع پر ہی نجی ٹی وی چینل کے اینکر سمیع ابراہیم کو بھی تھپڑ مار دیا تھا۔
نجی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’میں نے مبشر لقمان سے اس ویڈیو کے بارے میں پوچھا جس کا ذکر انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر پروگرام کرتے ہوئے کیا تھا تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس تو کوئی ویڈیو نہیں ہے۔ میں نے کہا نہ آپ کی عزت ہے اور نہ ہی آپ کسی عزت رہنے دینا چاہتے ہیں۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ’ہم دونوں گتھم گتھا ہو گئے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویڈیو والی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایسا صرف یوٹیوب چینل کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے کیا گیا۔
فواد چوہدری اور مبشر لقمان کے جھگڑے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین بھی مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قادر خواجہ نامی صارف نے فواد چوہدری اور مبشر لقمان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’محسن لغاری کے بیٹے کی شادی پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سینیئر اینکر مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کیا ہے۔‘
ٹویٹر صارف نوشین یوسف نے ٹوئٹر پر اس واقعے کے حوالے سے لکھا کہ ’ سکور ۔۔۔ فواد چوہدری : 2 ، مبشر لقمان : 0 ، سمیع ابراہیم : 0
زاہد لطیف نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ ہمارے معاشرے کی برداشت کا حال ہے، مبشر لقمان الیکشن سے قبل جب ن لیگ کے خلاف بات کرتے تھے تو تحریک انصاف کی قیادت اور سپورٹرز کے چہیتے تھے اور اب یہ کام کافی شرمناک ہے۔ عمران خان نے جس قسم کی تربیت کارکنان کی ہے اس طرح کے واقعات ہی سامنے آئیں گے۔
سائلنٹ ڈیزرٹس نامی ٹویٹر ہنڈل سے لکھا گیا کہ ’ویڈیو کہاں ہے؟ کُشتی دیکھنی ہے مجھے۔‘

واضح رہے کہ مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب چینل پر گذشتہ روز پروگرام میں الزام عائد کیا تھا کہ ٹک ٹاک گرلز حریم شاہ اور صندل خٹک کے پاس وفاقی وزیر فواد چوہدری کی بھی ویڈیوزموجود ہیں۔
وفاقی وزیر اور اینکر پرسن کے درمیان جھگڑے کی وجہ بھی یہی پروگرام بتایا جا رہا ہے۔

شیئر: