Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری نے سستا ہیلی کاپٹر اُڑانے کے بعد دُور بین خلا میں بھیج دی

پچپن روپے فی کلومیٹر ہیلی کاپٹر کی سواری سے لے کر دنیا کی سب سے بڑی دوربین 'ہبل' کو سپارکو کی جانب سے خلا میں بھیجنے تک پاکستان کے سابق وزیر اطلاعات اور موجودہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے اکثر بیانات میڈیا اور سوشل میڈیا پر تنازعات اور بحث و مباحثہ کو جنم دیتے رہے ہیں۔
گذشتہ برس اگست میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے فواد چوہدری ہمیشہ اپنے منفرد بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہے ہیں۔
بطور وزیر اطلاعات ان کا یہ بیان 'کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹرکا فی کلومیٹر خرچ 55 روپے آتا ہے؛ بہت مشہور ہوا تھا۔
فواد چوہدری کے اس بیان پر اپوزیشن اور ناقدین نے ان کا خوب مذاق اُڑایا تھا۔
فواد چوہدری نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان سنبھالنے کے بعد رمضان اور عید کے چاند پر ہونے والا دیرینہ تنازعہ حل کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
اس حوالے سے ایک ٹی وی انٹرویو میں فواد چوہدری نے یہ کہہ کر سب کو حیران کر دیا کہ پاکستانی خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو نے چاند دیکھنے کے لئے دنیا کی سب سے بڑی دور بین 'ہبل' خلا میں بھیجی ہوئی ہے۔

 

 

 

فواد چوہدری کا یہ کہنا ہی تھا کہ ان کی سوشل میڈیا پرٹرولنگ شروع ہو گئی، اور ہونا بھی تھی کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی دور بین 'ہبل' امریکی خلائی ادارے ناسا نے 1990 میں خلا میں بھیجی تھی۔
سینیئر صحافی اور سابق ڈی جی ریڈیو پاکستان مرتضیٰ سولنگی نے ٹویٹ کیا کہ خواتین و حضرات 55 روپے فی کلومیٹر کے بعد ہمارے آئن سٹائن، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی جناب فواد چوہدری نے دانش کے نئے موتی بکھیرے ہیں اور ہبل دور بین کو خلا میں بھیجنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

 

 

 

سینیئر صحافی نسیم زہرا نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ناسا اور سپارکو میں تعاون کا کوئی معاہدہ نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے ناسا کی ویب سائٹ کا ایڈریس بھی شیئر کر دیا۔

 

 

 

وسیم نامی ٹویٹر صارف نے فواد چودھری کی پلے کارڈ اٹھائے ایک مزاحیہ تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا ’میری سائنس میری مرضی‘
 

  

 

روبن ہیری نامی ٹویٹر صارف نے لکھا کہ فواد چودھری کا بیان سننے کے بعد ناسا ان کی خدمات حاصل کر لے گا۔
دوسری جانب کچھ ایسے ٹویٹر صارف بھی ہیں جو فواد چودھری کی حمایت میں سامنے آئے۔ آفاق الدین سید نامی ٹویٹر صارف نے فواد چودھری کے بیان کو زبان کی پھلسن کہا ۔
واضح رہے کہ فواد چودھری نے وزیر اطلاعات کی حیثیت سے نومبر 2018 میں ایک بیان دیا تھا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے والے سیاست دانوں کو خلا میں بھیج دینا چاہیے۔
فواد چودھری نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ وہ سپارکو سے کہیں گے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ یہ سیاست دان واپس نہ آ سکیں۔

شیئر: