Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطیف میں دہشت گرد کی گرفتاری پر مزید تفصیلات جاری

کارروائی قطیف کمشنری کے البحاری محلے میں ہوئی جہاں ایک مکان میں مطلوب دہشت گرد چھپا ہوا تھا (فوٹو: واس)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے قطیف میں مطلوب دہشت گرد محمد بن حسین علی آل عمار کی منگل کو گرفتاری سے متعلق مزید تفصیلات جاری کردی ہیں۔ 
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’اس سے قبل جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ قطیف میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے، شہریوں کو ہراساں کرنے اور لوٹ مار مچانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 9 افراد انتہائی مطلوب ہیں جن کے ناموں کی فہرست جاری کی گئی تھی‘۔ 

پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مطلوب فراد کی فہرست میں گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والا دہشت گرد محمد بن حسین آل عمار بھی شامل تھا‘۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’منگل کو ایک سیکیورٹی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات فراہم ہوئیں جن کی روشنی میں کارروائی کی گئی تھی‘۔ 

پبلک پراسیکیوشن نے بتایا ہے کہ ’یہ کارروائی قطیف کمشنری کے البحاری محلے میں ہوئی جہاں ایک مکان کے اندر مطلوب دہشت گرد چھپا ہوا تھا‘۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’سیکیورٹی فورس نے مکان کو گھیر لیا اور اندر چھپے ہوئے دہشت گرد کو خود کو حوالے کرنے کا کہا گیا مگر اس نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی‘۔ 

پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’سیکیورٹی اہلکاروں نے حالات کے مطابق جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مطلوب شخص کی گرفتاری عمل میں آئی تاہم موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں اور محلے والوں میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا‘۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مطلوب شخص کو گرفتار کرنے کے بعد اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے دستی بم، ایک کلاشنکوف، دو پسٹل، متعدد ہتھیاروں کی گولیاں، ایک چھری اور نقدی برآمد ہوئی‘۔

پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’حکومت تمام مطلوب افراد کو خود کو حوالے کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ علاوہ ازیں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تاکید کرتی ہے کہ مطلوب افراد کے بارے میں کسی قسم کی معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ ادارے کو بتائی جائیں‘۔  
 

شیئر: