Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹ میں ہیرے سمگل کرنے کا انوکھا واقعہ

ملزم کے بارے میں سکیورٹی اداروں کو پیشگی اطلاع مل چکی تھی، فوٹو: البیان اخبار
متحدہ عرب امارات میں کسٹم اہلکاروں نے پیٹ میں چھپا کر ہیرے سمگل کرنے والے افریقی کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم 297 گرام خام ہیرے سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا جن کی مارکیٹ میں قیمت 90 ہزار امریکی ڈالر تھی۔
اس ملزم کے بارے میں اماراتی خفیہ ایجنسی کو اطلاع ملی تھی کہ افریقی ملک سے  ہیرے سمگل کرنے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ اماراتی اخبار ’البیان‘ کے مطابق سابقہ اطلاع کے پیش نظر شارقہ کسٹم اور دیگر ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کے علاوہ بری کسٹم چوکیوں کو بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔

مارکیٹ میں سمگل کیے جانے والے ہیروں کی مالیت 90 ہزار ڈالر ہے، فوٹو: البیان 

ہیرے سمگل کرنے کی اطلاع ملتے ہی کسٹم اہلکاروں نے افریقی ملک سے آنے والوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی۔ دوسری جانب ایجنسیوں کے اہلکار بھی اپنے ذرائع سے رابطے میں تھے جنہوں نے ملزم کے بارے مزید معلومات ملتے ہی تمام تفصیلات سے محکمہ کسٹم کو مطلع کر دیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ ہیروں کا کاروبار کرنے والا ایک افریقی شہری بڑی مقدار میں ہیرے سمگل کرے گا۔‘ ملزم کی پیشگی شناخت سے کسٹم اہلکاروں کو اسے گرفتار کرنے میں مدد مل گئی۔
شارقہ انٹرنیشل ایئر پورٹ پر موجود تمام اداروں کو ملزم کے بارے میں اطلاع فراہم کر دی گئی تھی ۔ دوسری جانب ملزم اپنے بارے میں پیشگی اطلاع سے لاعلم تھا ۔
امیگریشن اہلکاروں نے شارقہ ایئر پورٹ پر اترتے ہی ملزم کو حراست میں لے کر محکمہ کسٹم کے حوالے کر دیا جہاں اس کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی مگر اس میں سے کچھ برآمد نہ ہوا۔
کسٹم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ملزم کے بارے میں مصدقہ اطلاع تھی کہ وہ بڑی مقدار میں ہیرے سمگل کرے گا مگر جب اس کے پاس سے کچھ برآمد نہ ہوا تو اس کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔‘

ہیرے افریقی ملک سے غیر قانونی طور پر خریدے گئے تھے، فوٹو: البیان 

الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے افریقی شخص کے پیٹ میں موجود غیر معمولی تھیلیوں کا انکشاف ہوا جس پر طبی ٹیم نے اس کا معدہ صاف کرنے کی ادویات دیں۔ ملزم کے پیٹ سے تین پلاسٹک کے پیکٹ برآمد ہوئے جن میں خام ہیرے موجود تھے۔
ہیروں کی مقدار 297 گرام بتائی گئی ہے جس کی مارکیٹ میں موجودہ قیمت قریباً 90 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے بتایا کہ ’وہ متعدد بار دبئی آ چکا تھا تاہم سمگلنگ کی یہ اس کی پہلی کوشش تھی۔‘ ملزم کا کہنا تھا کہ ’اس نے ہیرے ایک افریقی ملک سے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر خریدے تھے جنہیں وہ متحدہ عرب امارات اس لیے لایا تھا تاکہ انہیں اچھی قیمت میں فروخت کر سکے۔‘ 

شیئر: