Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب عراق کے ساتھ کھڑا ہے‘

سعودی کابینہ نے پاکستان کے جنوب مغرب میں واقع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ( فوٹو: واس)
سعودی کابینہ نے برادر ملک عراق کو اطمینان دلایا ہے کہ امن و استحکام اور اس کی عرب شناخت کو لاحق خطرات پر قابو پانے تک سعودی عرب اس کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے عالمی برادری پر زور دے کر کہا ہے کہ ایران کو مشرق وسطیٰ کے ممالک کی خود مختاری، بین الاقوامی معاہدوں و قوانین کی پاسداری اور خطے کے امن کو متزلزل کرنے والی سرگرمیوں سے باز رکھنے کے لیے ضروری اقدام کرے۔
سعودی عرب نے داعش کی بیخ کنی کے لیے قائم عالمی اتحاد میں شامل افواج کے لیے قائم عراقی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں اور عراقی خود مختاری کو پامال کرنے کی مذمت کی۔ عراق کے دو فوجی اڈوں میں داعش سے جنگ کرنے کے لیے قائم عالمی اتحاد میں شامل امریکی افواج ٹھہری ہوئی ہیں۔

عالمی برادری ایران کو مشرق وسطیٰ کے امن کو متزلزل کرنے والی سرگرمیوں سے باز رکھنے کے لیے اقدام کرے (فوٹو: واس)

کابینہ کے اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں کی۔
سعودی کابینہ نے پاکستان کے جنوب مغرب میں واقع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دھماکے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔ سعودی کابینہ نے اللہ کے گھروں کی حرمت پامال کرنے، خونریزی اور امن پسند وں کو خوفزدہ کرنے کو سختی کے ساتھ ایک بار پھر مسترد کردیا۔
سعودی کابینہ نے سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر سلطان ھیثم بن طارق بن تیمور، سلطنت عمان کے شاہی خاندان، برادر عمانی عوام، امت مسلمہ اور  عربوں سے  دلی ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کیا۔ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سلطان قابوس پر اپنا فضل و کرم فرمائے۔ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام سے نوازے اور تمام غمگساروں کو صبر عطا کرے۔

سعودی کابینہ نے سلطنت عمان کا فرمانروا بننے پرسلطان ہیثم بن طارق کو مبارکباد پیش کی ہے ( فوٹو: واس) 

سعودی کابینہ نے سلطنت عمان کا فرمانروا بننے پرسلطان ہیثم بن طارق کو مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں سلطنت عمان کی ترقی و خوشحالی کا سفر منطقی انجام تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور غیب سے ان کی مدد کرے۔
وزیر اطلاعات و نشریات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے اجلاس کے بعد واس کو بتایا کہ کابینہ نے رابطہ عالم اسلامی کے ماتحت اسلامی فقہ اکیڈمی ایوارڈ اور مکہ مکرمہ منشور ایوارڈ جاری کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ مسلم ممالک اسلامی اخوت کو راسخ کرنے اور تفرقہ و انتشار سے اجتناب کریں گے۔
سعودی کابینہ نے انسانی امداد کے سلسلے میں عرب دنیا میں اول اور دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر سعودی عرب کے آنے پر مسرت کا اظہار کیا او ر کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قیادت کی لامحدود سرپرستی اور باعزم مدد کا نتیجہ ہے۔ کابینہ نے انڈونیشیا کے ساتھ مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
 کابینہ نے چاڈ اور البانیہ کے ساتھ فضائی نقل و حمل کے معاہدوں کی منظوریاں دیں۔ کابینہ نے متعدد تقرریاں بھی کیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: