Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب میں یکساں فلائٹ آپریشنز کا معاہدہ

سعودی عرب کے ساتھ اطلاعات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدے زیرغور ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ ایئر سروسز کے معاہدے کی منطوری دیدی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے لیے حکومت پاکستان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان ایئر سروسز کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔‘
اتوار کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ’وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ ایئر سروسز کے معاہدے کی منظوری دی جس کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور سعودی ایئر لائن کے درمیان یکساں فلائٹس کی تعداد کا معاہدہ ہوگا۔‘

 

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ایئر لائنز فلائٹس کی تعداد کو یکساں رکھیں گی اور اس کا مقصد دونوں ملکوں کے شہریوں کو آسان سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کے معاہدے

وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اطلاعات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی مختلف معاہدے زیر غور ہیں۔

معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے شہریوں کو آسان سفری سہولیات مہیا کرنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)، پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور سعودی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور سعودی ریڈیو کے درمیان معاہدے ہونے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں کے تحت ’دونوں ملک خبروں اور انٹرٹینمٹ کے مواد کا تبادلہ کریں گے جس سے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
’ابھی یہ منصوبے ابتدائی مراحل میں ہیں لیکن امید ہے کہ وزیراعظم کے آئندہ دورہ سعودی عرب میں ان معاہدوں پر دستخط ہو جائیں گے۔‘

شیئر: