Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکہ روانہ

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کے سلسلے میں آج بدھ کو امریکہ روانے ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب اور ایران کی اعلیٰ قیادتوں سے ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی امریکہ کے تین روزہ دورے کے دوران اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کا مقصد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنا اور معاملات کو سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعے طے کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ برائن، دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے 13 جنوری کو ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور 12 جنوری کو تہران میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ 
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، سعودی عرب اور امریکہ کے دوروں پر بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ تین جنوری کو امریکی ڈرون حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ایران نے آٹھ جنوری کو عراق میں امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر 22 میزائل داغے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران کے میزائل حملوں میں ان کے کسی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا۔
اس کے بعد ایرانی میزائل نے تہران سے اڑنے والے یوکرین کے مسافر طیارے کو نشانہ بنایا جس میں 176 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایران کی حکومت نے اس کو انسانی غلطی قرار دیا ہے۔
وزیر خارجہ کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی تشویشناک صورتحال، اور ’افغان امن عمل‘ سمیت باہمی دلچسپی کے  اہم امور  زیر بحث آئیں گے۔
 میڈیا، تھنک ٹینک اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملنا بھی وزیر خارجہ کی مصروفیات میں شامل ہو گا۔

شیئر: