Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جب معلوم ہوا کہ ’دلہن لڑکا ہے‘ 

شیخ کو معلوم نہیں تھا کہ جس سے شادی کر رہے ہیں وہ لڑکی نہیں لڑکا ہے۔ فوٹو: البیان اخبار
یوگنڈا میں سادہ لوح امام مسجد انوکھے دھوکے کا شکار ہو گیا۔ بے بس و مظلوم لڑکی سمجھ کر سہارا دینے کے لیے شادی کی بعدازاں معلوم ہوا کہ دھوکے باز نے شیخ کو لوٹنے کے لیے لڑکی کا روپ دھارا تھا۔
 پولیس نے  رچرڈ  نامی ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ عاجل ویب نیوز نے یوگنڈا کے اخبار ڈیلی مونیٹر کے حوالے سے لکھا ہے کہ یوگنڈا میں  کیونجا علاقے کی مسجد کے امام شیخ موتومبا انتہائی سادہ مزاج اور متواضع شخص ہیں۔ وہ ملنسار طبیعت اور سادگی کی وجہ سے اچھی شہرت کے حامل ہیں۔
شیخ موتو جو کہ غیر شادی شدہ تھے نے شادی کی غرض سے لڑکی تلاش کی  کے لیے کچھ دوستوں کو بولا۔ شیخ کی سادگی کو دیکھتے ہوئے ایک دھوکے باز نے انہیں لوٹنے کا منصوبہ مرتب کیا۔

دھوکے باز نے لڑکی بن کر خود کو انتہائی بے بس اور بے سہارا ظاہر کیا۔ فوٹو: ڈیلی مانیٹر

اخبار کا کہنا ہے کہ دھوکے باز شیخ موتومبا کے حلقہ درس میں خاتون بن کر گیا اور معاشرتی مسائل کے حوالے سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے اسی دوران دھوکے باز جس نے خود کو خاتون ظاہر کیا تھااچانک رونے کی اداکاری کرتے ہوئے شیخ سے کہا کہ وہ یتیم ہے اور بچپن میں ہی والدین فوت ہو گئے تھے۔
دھوکے باز نے شیخ  کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے  مزید کہا کہ دنیا میں خالہ کے علاوہ اور کوئی نہیں۔ نہ ہی کوئی ذریعہ معاش ہے اور نہ گھر بار۔ سادہ دل شیخ جو کہ پہلے ہی شادی کے لیے لڑکی کی تلاش میں تھے نے جب ایک مظلوم او ر بے سہارا لڑکی کو دیکھا تو اسے سہارا دینے کی غرض سے شادی کی پیشکش کر دی جسے اس نے فوری طور پرقبول کر لیا۔
شیخ موتو مبا نے گھر کرایے پر لے کر وہاں ضروریات زندگی کی تمام اشیا پہنچا دیں۔ دھوکے باز کی جانب سے شادی کے لیے ایک ہی شرط لگائی گئی تھی کہ جب تک مہر کی رقم اس کی خالہ کو ادا نہیں کر دی جاتی شیخ اس کے قریب نہیں آئیں گے۔
 شادی کے 15 دن بعد شیخ موتومبا اپنے وعدے کے مطابق مہر کی رقم جمع کرنے میں کامیاب ہو گئے جو اسکی خالہ کو ادا کردی گئی۔ 
دھوکے باز کو جب یہ اطلاع ملی کہ مہر کی رقم ادا کی جاچکی ہے تو اس نے گھر سے فرار ہونے سے قبل تمام قیمتی سامان اکھٹا کیا اور گھر کی عقبی دیوار پھلانگ کر باہر نکل گیا جہاں شیخ کے پڑوسی نے اسے بھاگتے ہوئے دیکھ کر شور مچا دیا جس پر دیگر لوگ بھی جمع ہو گئے۔
لوگوں نے فوری طور پر شیخ کو اطلاع کی بعدازاں علاقے کی پولیس کو طلب کیا گیا جس نے دھوکے باز سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ زنانہ لباس او رمیک اپ میں رہنے والی  دلہن نہیں بلکہ علاقے کا معروف نوسرباز رچرڈ ہے۔

شیئر: