Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’ملازمتوں میں ’سفارش‘ کا خاتمہ کیا جائے‘

 کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ سفارش کی بیخ کنی کے لیے تدابیر کرے۔ فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب میں بدعنوانی کی جڑ ’سفارش‘ کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ یہاں اسے سفارش کے بجائے ’واسطہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ازراہ مزاح سعودی میڈیا میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ اگر ہمارے معاشرے سے ’واو‘ یعنی ’سفارش‘ کا خاتمہ ہوجائے تو بہت سارے مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ارکان شوریٰ نے بدھ کو انسداد بدعنوانی کے حوالے سے سب سے اہم قرارداد یہی منظور کی کہ کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ سرکاری اداروں سے سفارش کا خاتمہ کرائے۔ ایسا ہوگا تب ہی سرکاری اداروں میں مقامی شہریوں کو ملازمتیں شفاف بنیادوں پر مل سکیں گی اور سرکاری خدمات میں انصاف اور شفافیت کا بول بالا ہوگا۔
خاتون رکن شوریٰ ڈاکٹر اقبال درندری نے کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ سے متعلق مالیاتی سال کی رپورٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ سفارش کی بیخ کنی کے لیے ضروری تدابیر اختیار کرے اور سفارش کے نقصانات سے متعلق آگہی مہم چلائے۔ اس کے مکمل خاتمے کے لیے جامع نظام تشکیل دے۔ ایسا کرکے ہی ہم سرکاری اداروں کی ملازمتوں اور خدمات میں شفافیت اور انصاف کا مشن مکمل کرسکتے ہیں۔
ایک رکن شوریٰ ڈاکٹر سلطان آل فارح نے سوال اٹھایا کہ کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے سرکاری ادارو ںمیں ملازمت کے حوالے سے سفارش کے سدباب کے لیے کیا کیا؟ بورڈ اس سوال کا جواب دے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ آئندہ کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ اپنے بجٹ اور اس کے اخراجات کی تفصیلات تحریر کرتے وقت اس قسم کے سوالات کے جواب دینے کا بھی اہتمام کرے۔ 
ایک اور رکن شوریٰ شہزادہ ڈاکٹر خالد آل سعود نے واضح کیا کہ کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کے بعض قوانین مبہم ہیں۔
 خاتون رکن شوریٰ ڈاکٹر سلطانہ البدیوی نے مطالبہ کیاکہ مختلف سرکاری اداروں میں نگراں شعبوں کی کارکردگی کی رپورٹ تیار کی جائے اور ان شعبوں کی کارکردگی کے قاعدے ضابطے متعین ہوں تاکہ ان کی بنیاد پر ان شعبوں کی کوتاہی کی نشاندہی کی جاسکے۔
ایک رکن شوریٰ اسامہ ربیعہ نے تجویز کیا کہ کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن بورڈ کو وزارت خزانہ، ادارہ احتساب اور متعلقہ دیگر ادارو ںکے ساتھ آن لائن مربوط کردیا جائے۔ ایسا کرنے سے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ کی نگرانی زیادہ بہتر شکل میں ہوسکے گی۔
                        
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: