Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل واوڈا کی ٹی وی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا پر ٹی وی ٹاک شو میں دو ہفتوں کے لیے شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ فیصل واوڈا پر ٹی وی ٹاک شو میں شرکت پر پابندی دو ہفتے کے لیے لگائی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فیصل واوڈا سے ٹاک شو ’آف دی ریکارڈ‘ میں ان کے رویے پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا منگل کو نجی ٹی وی چینل اے آر وائی پر ہونے والے پروگرام میں فوج کے زیر استعمال رہنے والا سیاہ بوٹ اپنے ہمراہ لے آئے تھے۔
میزبان کاشف عباسی کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں فیصل واوڈا نے جوتا اٹھا کر ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا تھا کہ 'بوٹ کی چمک بتا رہی ہے زبان سے چمکایا گیا ہے۔‘
فیصل واوڈا کے اس رویے پر پروگرام میں شریک پیپلزپارٹی کے قمر زمان کائرہ اور ن لیگ کے بیرسٹر جاوید عباسی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن اور بالخصوص مسلم لیگ ن نے لیٹ کر اس بُوٹ کو عزت دی ہے اور اس بُوٹ کو انہوں نے زبان سے چمکایا ہے۔‘
شو کا نوٹس لیتے ہوئے پیمرا نے ’آف دی ریکارڈ‘ کی نشریات اور اس کے میزبان کاشف عباسی پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی تھی جس پر نہ صرف دیگر صحافیوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی سوال اٹھایا گیا کہ پیمرا نے وفاقی وزیر پرپابندی کیوں نہیں لگائی۔
پیمرا کے مطابق پروگرام کے میزبان کاشف عباسی آئندہ ساٹھ دنوں کے لیے کسی بھی چینل میں بطور مہمان شرکت نہیں کریں گے۔

شیئر: