Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن میں ملوث بلدیہ جازان کے افسران پر مقدمہ 

ملزمان پر فرضی کمپنیوں کے ذریعے لاکھوں کے ٹھیکے حاصل کرنے کا الزام ہے (فوٹو: سبق نیوز)
سعودی عرب میں پراسیکیوشن جنرل کا ادارہ کرپشن کی بیخ کنی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات پر مامور ہے۔
عربی نیوز ویب سائٹ ' سبق' کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی کی جانب سے جازان ریجن میں بلدیہ کے دو سربراہوں اور پانچ اہلکاروں سمیت دو ٹھیکیداروں سے کرپشن کے الزامات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

محکمہ پراسیکیوشن جنرل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان پر بدعنوانی کے متعدد مقامات درج کیے گئے ہیں (فوٹو: سبق نیوز) 

اطلاعات کے مطابق ملزمان پر 3.5 ملین ریال خرد برد کرنے اور ناجائز ٹھیکے دلانے کا الزام ہے ۔ محکمہ پراسیکیوشن جنرل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان پر بدعنوانی کے متعدد مقامات درج کیے گئے ہیں جن میں بلدیہ جازان ریجن کے دو اعلی افسران اور پانچ اہلکار شامل ہیں۔
عائد کیے جانے والے الزامات کے مطابق ملزمان نے ایسے تعمیراتی منصوبوں کی منظور ی دی جو صرف فائلوں میں ہی تھے اور انکا حقیقت میں کوئی وجود ہی نہیں تھا ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمان نے فرضی کمپنیوں کے ناموں سے ٹھیکے منظور کر کے فنڈ تقسیم کیا جبکہ سسٹم میں ایسی کمپنیوں کو بھی ان لسٹ کیا گیا جن کا وجود صرف فائلوں میں تھا۔
بعض کمپنیاں جن کو ٹھیکے دیے گئے ان پر کام کرنے کی پابندی عائد تھی اور ایسی کمپنیوں کو بھی ملزمان نے سرکاری ٹھیکے دیے جن میں صرف کارکن تھے اور کوئی ساز وسامان نہیں تھا۔

شیئر: