Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید سردی کے باعث سکولوں کے اوقات موخر، اسمبلی معطل

شمالی علاقوں میں واقع سکولوں نے اپنے اوقات کار موخر کرلیے ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے بیشتر شہروں کے تعلیمی اداروں نے شدید سردی کے باعث اسمبلی معطل کردی جبکہ شمالی علاقوں میں واقع سکولوں نے اپنے اوقات کار موخر کر لیے۔
سعودی عرب میں سردی کی شدید لہر کا زور جاری ہے جس کے باعث طلبہ کے والدین نے وزارت تعلیم سے مداخلت کرنے کی اپیل کی تھی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تبوک محکمہ تعلیم نے آج اتوار سے جمعرات تک سکولوں کے اوقات ساڑھے 8 بجے تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکولوں میں بچوں کی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔
اسی طرح کا فیصلہ حائل محکمہ تعلیم نے بھی کیا ہے جس نے اعلامیہ جاری کر کے کہا ہے کہ ریجن بھر کے تمام سکولوں میں آج اتوار اور کل پیر کو سکولوں کا آغاز 9 بجے سے ہوگا۔
القصیم ریجن کے محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی معطل کریں اور تعلیم کا آغاز ساڑھے 8 بجے سے کریں جبکہ سکول سے فارغ ہونے کا وقت وہی رکھا جائے گا جو پہلے تھا۔

بیشتر سکولوں میں اسمبلی معطل کردی گئی ( فوٹو: المرصد)

ادھر الجوف ریجن میں گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبد العزیز نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’علاقہ میں سردی کی شدید لہر کے باعث آج اتوار اور کل پیر کو سکولوں کا آغاز صبح 9 بجے رکھا جائے‘۔
طائف کے محکمہ تعلیم نے سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ صبح اسمبلی معطل کی جائے اور طلبہ کو آتے ہی کلاسوں میں بٹھایا جائے۔ 
عسیر اور باحہ ریجن کے محکمہ تعلیم نے سکولوں کی انتظامیہ کو صلاحیتیں تفویض کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موسم کے حالات جائزہ لے کر اسمبلی معطل کرنے کا فیصلہ کریں۔
جبکہ جدہ اور مکہ مکرمہ کے سکولوں کی طرف سے والدین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو موسم کے لحاظ سے مناسب کپڑے پہنا کر سکول بھیجا کریں۔
 

شیئر: