Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: نئے ہوائی اڈے سے 145 سٹیشنز کے لیے پروازیں

ٹرمنل ون کا افتتاح 24 ستمبر 2019 کو کیا گیا تھا ۔ فوٹو ، سوشل میڈیا
جدہ کے نئے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اب تک روزانہ کی بنیاد پر 145 سٹیشنز کے لیے پروازوں کی آمد ورفت جاری ہے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق نئے ہوائی اڈے پر مسافروں کی سہولت کے لیے جملہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ 
مقامی روزنامہ ’الاقتصادیہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروساء نے بتایا کہ رواں ہفتے اندرون مملکت 23 شہروں کے لیے ٹرمنل ون سے پروازوں کی آمد ورفت شروع کی گئی ہے۔

سالانہ تین کروڑ مسافر اس سے مستفیض ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اندرون مملکت جن شہروں کے لیے پروازیں شروع کی گئی ہیں ان میں دمام، قصیم، القریاب، الاحساء، طائف، العلا، الوجہ، بیشہ، عرعر، طریف، رفحائی، الباحہ، القیصومہ، الجوف، الدوادمی، ینبع، وادی الدواسر، تبوک، شرورہ، حائل، نجران، جازان اور ابھا شامل ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی سٹیشنز میں ابوظبی، مسقط، بحرین، کویت، اتھینز، میونخ، روم، فرینکفرٹ، میلان، ویانا، جنیوا، خرطوم، بیروت، قاہرہ، اسکندریہ، شرم الشیخ، نیروبی، اربیل اور عمان شامل ہیں۔
واضح رہے جدہ کے نئے ہوائی اڈے کا باقاعدہ افتتاح شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 24 ستمبر 2019 کو کیا تھا جس کے بعد سعودیہ ایئر لائن نے تجرباتی طور پر اندورن مملکت پروازیں شروع کی۔
نئے ہوائی اڈے سے پہلی بین الاقوامی پرواز 18 نومبر 2019 کو دبئی کے لیے روانہ ہوئی تھی جس کے بعد مرحلہ وار پروازوں کی آمد ورفت کا شیڈول جاری کیا گیا۔ 

مسافروں کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں (فوٹو: اخبار 24) 

شاہ عبدالعزیز ایئر پورٹ کے ٹرمینل نمبر ایک کی عمارت کا رقبہ آٹھ لاکھ مربع میٹر سے زائد ہے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق سالانہ تین کروڑ مسافر اس سے مستفیض ہوں گے۔
ہوائی اڈے پر جہاں مسافروں کے لیے جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں وہاں مسافروں کو لینے کے لیے آنے والوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ 
ایئر پورٹ پر فش ٹینک وہاں آنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ جدہ میں رہنے والے بیشتر افراد فش ٹینک دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر ایئر پورٹ جاتے اور اس کی وڈیو و تصاویر بناتے دیکھائی دیتے ہیں۔

شیئر: