Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودائزیشن کے لیے 20 نئے پروگرام

روزگار کی تربیت کے مزید مواقع مہیا کیے جائیں گےفائل: فوٹو روئٹرز
 سعودی عرب کی وزارت محنت و سماجی بہبود نے سعودائزیشن کی رفتار اور تعداد بڑھانے کے لیے 20 نئے فارمولے تیار کر لیے۔ جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ 
 اس کا مقصد نجی اداروں اور کمپنیوں میں کام کے ماحول کو بہتر بنانا، مقامی شہریوں کو نجی اداروں اور کمپنیوں میں ملازمت کے لیے راغب کرنا، روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنا اور لیبرمارکیٹ میں ادارو ں کے درمیان مقابلے کے معیار کو بلند کرنا ہے۔
اخبار 24 نے وزارت محنت کے حوالے سے بتایا ’نئے فارمولوں کے تحت افرادی قوت کی درآمد کی نئی پالیسیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ نیا طریقہ کار لاگو کیا جائے گا۔‘

نجی ادارو ں کو زیادہ سے زیادہ سعودی رکھنے کے لیے ترغیبات دی جائیں۔ فوٹو :سوشل میڈیا

وزارت محنت کا کہناہے’جہاں تک نئے اداروں کے لیے ابتدائی ویزوں کا معاملہ ہے تو اس حوالے سے بھی نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔ حج، عمرہ جیسے موسموں کے لیے ویزو ں کا نیا نظام لاگو ہو گا۔‘
’روزگار کے متلاشی سعودیوں میں ملازمت کے لیے مطلوب مہارتیں پیدا کی جائیں گی۔ انہیں روزگار کی تربیت کے مزید مواقع مہیا کیے جائیں گے۔ تمام سعودی ملازمین کو آگے بڑھنے اور اپنے پیشوں میں انفرادیت پیدا کرنے کے لیے مشاورت کی سہولت بھی دی جائے گی۔‘
وزارت محنت کے مطابق ایک پروگرام یہ بنایا گیا ہے کہ سعودی شہریوں کو یہ معلوم ہو کہ کس شعبے میں کتنے سعودی کام کررہے ہیں۔ کس کمپنی یا کس ادارے میں کتنے غیر ملکی اور کتنے سعودی ہیں اور غیر ملکیوں کی جگہ سعودی کس طرح پر کرسکتے ہیں۔
 اسی کے ساتھ اس بات کا اہتمام کیا جائے گا کہ نجی ادارو ں کو اپنے یہاں زیادہ سے زیادہ سعودی رکھنے کے لیے ترغیبات دی جائیں۔
 

شیئر: