Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مگرمچھ کے گلے سے ٹائر نکالیں، انعام پائیں

مگرمچھ کو گلے میں ٹائر پھنسنے کی وجہ سے سانس لینے میں کس قدر دشواری کا سامنا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
انڈونیشیا میں حکام نے مگرمچھ کے گلے میں پھنسے ٹائر کو نکالنے پر انعام کی پیشکش کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس ’بہادر شکاری‘ کو رقم سے نوازا جائے گا جو اس مگرمچھ کو نقصان پہنچائے بغیر اس کے گلے میں پھنسا ٹائر نکالے گا۔
جنگلی حیات کے تحفظ کے مقامی ادارے کئی سالوں سے 13 فٹ کے مگرمچھ کو اس مشکل سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر یہ تمام تر کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔
یہ فیصلہ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا ہے جس میں مگرمچھ کو سانس لینے کی کوشش میں ہانپتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مگرمچھ کو گلے میں ٹائر پھنسنے کی وجہ سے سانس لینے میں کس قدر دشواری کا سامنا ہے اور یہ اس کی زندگی کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔

کئی سالوں سے 13 فٹ کے مگرمچھ کو اس مشکل سے نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

انڈونیشیا کے صوبے وسطی سلاویسی کے گورنر نے جنگلی حیات کے تحفظ کے مقامی ادارے کو فوری طور پر اس مشکل کا حل نکالنے کی ہدایت کی ہے۔
ادارے کے چیف نے تنبیہ کی ہے کہ یہ اعلان غیر پیشہ ور افراد کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ صرف ان کے لیے ہے جو جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں معلومات رکھتے ہوں۔
انڈونیشیا کے اس صوبے میں قدرتی وسائل کے تحفظ کے ادارے کے سربراہ ہاسمونی ہاسمر نے بتایا ہے کہ ’ہماری عام شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ مگرمچھ کے قریب نہ جائیں۔‘

شیئر: