Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو عملے کو اداروں میں ’نقل کفالہ‘ کرانے کی مشروط اجازت

گھریلو ملازم کو اپنے موجودہ آجر سے منظوری کا خط حاصل کرنا ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی وزارت محنت نے گھریلو عملے کو اداروں میں نقل کفا لہ( سپانسر شپ ٹرانسفر)کر انے کی مشروط اجازت دی ہے۔
مملکت میںلاکھوں غیر ملکی سعودی گھرانوں میں ڈرائیوروں اور گھریلو عملے کے طورپر ملازمتیں کررہے ہیں۔
انہیں گھریلو ملازم کے طور پر نقل کفالہ ( سپانسرشپ ٹرانسفر) کی اجازت ہے تاہم کوئی بھی گھریلو ملازم کسی ادارے میں نقل کفالہ نہیں کرسکتا۔
اس پابندی سے بے شمار ڈرائیور نقل کفالہ کے سلسلے میں پریشان ہیں۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق وزارت محنت و سماجی بہبود نے انسانی بنیادوں پر گھریلو عملے کو اداروں میں نقل کفالہ کی مشروط اجازت دینا شروع کردی ہے۔ اس سے غیر ملکیوں کے مسائل حل ہوں گے۔

وزارت محنت نے  نقل کفالہ کی کارروائی کے لیے ایک فارم تیار کیا ہےفوٹو: سوشل میڈیا

وزارت محنت نے یہ سہولت اپنی ویب سائٹ پر فراہم نہیں کی تاہم وزارت کی شاخوں کے توسط سے گھریلو ملازم اداروں میں نقل کفالہ کراسکتے ہیں۔ اس پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت محنت نے نقل کفالہ کی ایک شرط یہ لگائی ہے کہ گھریلو کارکن کے اقامے کی تجدید ایک برس سے زیادہ مدت کے لیے نہیں ہوگی۔
’اگر کسی گھریلو کارکن کے اقامے کی تجدید ایک برس سے زیادہ ہوگئی ہو تو اس کی نقل کفالہ کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ گھریلو ملازمین کو ادارہ جاتی فیس سے استثنیٰ حاصل ہے‘۔
وزارت محنت نے واضح کیا ’ کسی بھی کارکن کو ادارے سے فرد کے لیے نقل کفالہ کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

وزارت محنت کی شاخوں کے توسط سے گھریلو ملازم نقل کفالہ کراسکتے ہیں۔فوٹو: سوشل میڈیا

وزارت محنت نے گھریلو ملازمین کو اداروں میں نقل کفالہ کی کارروائی کے لیے ایک فارم تیار کیا ہے۔اس میں پیشے کی تبدیلی کا خانہ بھی رکھا گیا ہے۔ فارم میں کارکن کے نام کے علاوہ اقامہ نمبر کے خانے ہیں۔
کارکن سے یہ اقرار نامہ بھی لیا جائے گا کہ وہ گھریلو کفیل سے ادارے کے لیے نقل کفالہ کے حق میں ہے اور وہ نئے آجر کے یہاں نقل کفالہ اورمطلوبہ پیشے کی تبدیل کی کارروائی مکمل ہونے سے قبل کام نہیں کرے گا۔
کارروائی کے تحت کارکن کے دستخط لیے جائیں گے اور انگوٹھے کا نشان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔
عربی نہ جاننے والوں کے لیے فارم کا ترجمہ ہوگا۔ فارم میں ادارے کا نام، فائل نمبر، عہدیدار کا نام، اس کے دستخط اور ادارے کی مہر بھی مطلوب ہوگی۔
وزارت محنت کی ایک شرط یہ بھی ہے کہ نقل کفالہ کے امیدوار گھریلو ملازم کو اپنے موجودہ آجر سے نقل کفالہ کی منظوری کا خط حاصل کرنا ہوگا۔ اس خط کی ایوان صنعت و تجارت یا محلے کے عمدہ (کونسلر)کی تصدیق کرانا ہوگی یا لیبر آفس سے اس کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
امیدوار کو ایک خط متعلقہ ادارے سے لینا ہوگا جس میں وہ تحریر کرے گا کہ اسے فلاں کارکن کی خدمات درکار ہیں، یہ خط بھی ایوان تجارت سے مصدقہ ہونا ضروری ہے۔ 
ایک شرط یہ بھی ہے کہ کارکن کے نقل کفالہ سے ادارہ مڈل گرین نطاق سے خارج نہ ہو رہا ہو۔

شیئر: