Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ڈرائیوروں کی طلب میں کتنا اضافہ؟

وزارت محنت کے 2019 کی پہلی سہ ماہی کے دوران اعدادوشمار جاری
سعودی حکومت نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی تو مملکت سمیت دنیا بھر میں یہ خدشات پھیل گئے تھے کہ آئندہ سعودی عرب سے غیر ملکی نجی ڈرائیوروں کا روزگار اٹھ گیا۔ بہت بڑا حلقہ یہ کہنے لگا تھا کہ بہت جلد غیر ملکی ڈرائیوروں کی چھٹی ہوجائے گی۔ اگر چھٹی نہ ہوئی تو ان کی تعداد بہت کم ہوجائے گی۔

ماہانہ 50 ہزار ویزے گھریلو ڈرائیوروں کے نام پر نکالے گئے

الوطن اخبار کے مطابق سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے گھریلو ڈرائیوروں کے حوالے سے جو اعدادوشمار جاری کیے ہیں ان سے یہ خدشات غلط ثابت ہوگئے۔ کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔
وزارت محنت نے 2019 کی پہلی سہ ماہی کے دوران گھریلو ڈرائیوروں کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ماہانہ 50ہزار ویزے گھریلو ڈرائیوروں کے نام پر نکالے گئے جبکہ گھریلو کارکنان کے نام سے نکالے گئے ویزوں کی تعداد 67152تک پہنچ گئی۔ گھریلو ملازماﺅں کے نام پر حاصل کئے جانے والے ویزوں کی تعداد 126913ریکارڈ کی گئی۔
وزارت محنت کے مطابق سب سے زیادہ ویزے بنگلہ دیش کے لیے جاری کیے گئے ۔ وہاں سے 64 ہزار گھریلو ڈرائیور اور ملازم مملکت لائے گئے۔
پاکستان دوسرے نمبر پر ہے جہاں کے لیے 51800ویزے جاری ہوئے۔انڈیا تیسرے نمبر پر ہے جس کے لیے 49000 ویزے حاصل کیے گئے۔ اس کے بعد بالترتیب فلپائن، مصر، یمن ، سوڈان ، ایتھوپیا، یوگنڈا اور کینیا کے لیے لیبر ویزے جاری ہوئے۔

گھریلو ملازمین کے نام پر 324348ویزے نکلوائے گئے

محکمہ شماریات نے 2018اور 2019کے دوران ویزوں کی تعداد کا تقابل کرتے ہوئے بتایا کہ 2019کی پہلی سہ ماہی کے دوران 1538870 ویزے ڈرائیوروں کے جاری ہوئے۔
459خواتین کیلئے بھی ڈرائیور کے ویزے حاصل کئے گئے۔ 2019کی پہلی سہ ماہی کے دوران گھریلو ملازمین کے نام پر 324348ویزے نکلوائے گئے۔2018کی پہلی سہ ماہی میں گھریلو ویزوں کی تعداد 932436تھی۔
2018کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیر ملکی ڈرائیورو ںکی تعداد 1363324رہی۔ کسی ڈرائیور خاتون کا ویزہ 2018 میں جاری نہیں ہوا۔ گھریلو ملازمین کیلئے ویزوں کی تعداد 236593 تھی جبکہ گھریلو ملازماﺅں کے ویزوں کی تعداد 684622ریکارڈ کی گئی تھی۔

شیئر: