Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معذوروں کے لیے سپیشل اے ٹی ایم

اے ٹی ایم معذوروں کے لیے ضروری سہولتوں سے آراستہ ہوں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے تمام بینکوں کو معذوروں کے لیے سپیشل اے ٹی ایم نصب کرانے کا پابند بنایا ہے۔
ساما کے مطابق اے ٹی ایم ضروری سہولتوں سے آراستہ ہوں۔ ان کی اونچائی اتنی ہو کہ معذور افراد انہیں آسانی سے استعمال کرسکیں۔
اتھارٹی نے حکم دیا ہے کہ معذوروں کے لیے ضروری سہولتوں سے آراستہ دفاتر بھی قائم کیے جائیں۔

ساما نے مالیاتی اداروں میں معذوروں کو پیش کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

الوطن اخبار کے مطابق ساما نے مالیاتی اداروں میں معذوروں کو پیش کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں۔ ساما نے کہا ’ہرمالی ادارہ اپنے تمام صدر دفاتر اور شاخو ں میں معذوروں کے لیے مناسب ماحول فراہم کرے۔ معذوروں کوصدر اور ذیلی دفاتر آنے جانے میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔‘
’ویل چیئر سے آنے جانے والوں کے لیے عمارت کے دروازوں پر ضروری تبدیلیاں کی جائیں۔ معذوروں کو ہنگامی حالات میں دفاتر سے نکلنے کے لیے سپیشل ایگزٹ گیٹ بنوائے جائیں‘۔
ساما نے مالیاتی اداروں سے کہا کہ وہ معذوروں کے خیر مقد م کے لیے سپیشل کار پارکنگ کا بندوبست کریں۔ اپنے پروگراموں اور سکیموں کی وضاحت کے لیے مختلف وسائل اختیار کریں۔ معذوروں کے لیے متحرک سروس کا حتی الامکان بندوبست کریں۔
معذوروں کی مدد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔ معذوری ثابت کرنے والی دستاویزات او رمنظور شدہ طبی رپورٹوں سے استفادے کا رواج اپنائیں۔
ساما نے مزید کہا ہے ’مالیاتی ادارے معذوروں کے لیے مناسب خود کار آلات کا انتظام کریں۔ اس بات کا اعلان کریں کہ یہ آلات کہاں اور کس صور ت میں مہیا ہوں گے۔‘
مالیاتی اداروں میں بینک، ان کی شاخیں، انشورنس کمپنیاں،آزاد پیشہ ورانہ کمپنیاں، فنڈنگ کمپنیاں، کرایوں کے فنڈنگ معاہدوں کی رجسٹریشن کرنے والی کمپنیاں، اور کریڈٹ انفارمیشن کمپنیاں شامل ہیں۔

شیئر: