Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی الیکشن: کیجریوال کی ہیٹرک، بی جے پی مشکل میں

ایگزٹ پول میں عام آدمی پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔ فوٹو: روئٹرز
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں سنیچر کو ایسے حالات میں ریاستی انتخابات ہوئے ہیں جب شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں اور دہلی کا شاہین باغ مزاحمت کی علامت بنا ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور اس کے بعد ایگزٹ پولز بتا رہے ہیں کہ دو مرتبہ دہلی کے وزیراعلیٰ بننے والے سابق ٹیکس انسپکٹر اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کو حکمران جماعت بی جے پی اور کانگریس پر واضح برتری حاصل ہے۔
ایگزٹ پولز کے مطابق مجموعی طور پر عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 50 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 2015 کے انتخابات میں اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 67 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی۔
دہلی کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہم واضح برتری سے جیت رہے ہیں۔‘
اس صورتحال کے بعد انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

الیکشن مہم میں عام آدمی پارٹی کی توجہ بجلی، پانی اور صحت کے مسائل پر رہی (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ الیکشن مہم کے دوران بی جے پی کے رہنما شاہین باغ کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے جہاں قریب دو ماہ سے سینکڑوں خواتین نے شہریت کے ترمیمی قانون کے خلاف دھرنا دے رکھا ہے۔
جبکہ بی جے پی کے برعکس الیکشن مہم کے دوران عام آدمی پارٹی کی توجہ بجلی، پانی اور صحت کے مسائل پر رہی۔
بی جے پی لوگوں سے کہتی رہی کہ اگر شاہین باغ میں بیٹھے مظاہرین سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو اسے ووٹ دیا جائے، تاہم لوگ بی جے پی کی اس تنقید سے زیادہ خوش نظر نہیں آئے اور انہوں نے اس کا اظہار اپنے ووٹ سے کیا۔
انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا جائے گا۔

شیئر: