Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 تین سعودی بہنوں نے ’بقالہ‘ کھول لیا

بقالےکے پورے علاقے میں چرچے ہیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں تین سگی بہنوں نے ریاض کے اشبیلیا محلے میں بقالہ ( جنرل سٹور) کھول لیا ہے جس کے پورے علاقے میں چرچے ہیں۔ تینوں بہنوں کو بقالہ کھولنے کے لیے رکاوٹیں پیش آئیں لیکن انہوں نے ڈٹ کر مشکلات کا مقابلہ کیا۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی خاتون نوف نے مقامی صحافی کو انٹرویو میں کہا کہ ’نو ماہ قبل اپنی بہنوں کے ساتھ مل کر مٹھائی کی دکان سے کاروبار شروع کیا تھا۔ رفتہ رفتہ اس میں سامان بڑھایا اور اب یہ فوڈ سینٹر میں تبدیل ہو چکا ہے۔‘
نوف کے مطابق ’ہوم ڈلیوری کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔ کوئی کارکن ایسا نہیں تھا جو بقالے سے سامان گھروں تک پہنچا سکے۔ یہ کام بھی وہ خود ہی کر رہی ہیں۔‘

تینوں بہنوں کو بقالہ کھولنے کے لیے ڈٹ کر مشکلات کا مقابلہ کیا (فوٹو: اخبار 24)

تینوں بہنوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد اپنے بقالے کے برابر والی دکان بھی کرایے پر حاصل کر لیں گی کیونکہ ان کا کاروبار مسلسل بڑھ رہا تھا۔
مقامی صحافی نے نوف کا یہ خیال سن کر دکان کے مالک سے رابطہ قائم کیا اور برابر والی دکان تینوں بہنوں کو کرائے پر دلوا دی اور آئندہ چھ ماہ کا کرایہ بھی اپنی جیب سے ادا کیا ہے۔
تینوں بہنوں کی جدوجہد کی کہانی سوشل میڈیا پر دیکھ کر چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کی جنرل اتھارٹی (منشات) نے نوف اور اس کی بہنوں سے رابطہ کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی سعودی سرمایہ کار اور مالدار شخصیات سعودی بہنوں کے کاروبار کو کامیاب بنانے کے لیے ان سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
یوں نو ماہ قبل شروع ہونے والا ’بقالہ‘ ایک بڑے فوڈ سینٹر میں تبدیل ہونے جا رہا ہے۔

شیئر: