Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر:طالبات سے چھیڑ خانی پر استاد برطرف

120طالبات کےساتھ چھیڑ خانی کا الزام ثابت ہونے پر مجرم قرار دیا گیا فوٹو: المرصد
مصر میں ریاضی کے ایک ٹیچر کو طالبات سے چھیڑ خانی کے الزام میں برطرف کردیا گیا۔
ساحلی شہر اسکندریہ کی 120طالبات کے ساتھ چھیڑ خانی کا الزام ثابت ہوجانے پر مصری عدالت نے اسے مجرم قرار دیا اور وزارت تعلیم و تربیت سے سبکدوش کردیا۔
المرصد ویب سائٹ نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ’ اسکندریہ کے ایک سکول میں ریاضی کا استاد طالبات کے ساتھ چھیڑ خانی کرتا رہا ہے۔ اپنی حرکتوں کو صیغہ راز میں رکھنے کے لیے طالبات کو دھمکیاں دیتا کہ اگر کسی نے اس کا رازکھولا تو اس کا مستقبل تاریک کردے گا۔
طالبات کے والدین نے استاد کے خلاف شکایات درج کرائیں اور پھر عدالت سے رجوع کیا۔
مصر کی اعلیٰ محکمہ جاتی عدالت نے تمام حقائق سامنے آجانے پر ریاضی کے استاد کی برطرفی کا فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میںکہا ’ ریاضی کے استاد نے اپنے پیشے سے غداری کی ہے۔اس نے ایسے جرم کا ارتکاب کیا جس پر اسے عبرتناک سزا دی جانی ضروری ہے‘۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں اس امر کی جانب بھی توجہ دلائی ’ استاد اپنے طلبہ کی تعلیم ہی نہیں ان کی تربیت کا بھی ذمہ دار ہوتا ہے۔ استاد کا فرض ہے کہ وہ طالبات کی آبرو کی حفاظت کرے ‘۔
’جو شخص طالبات کے ساتھ چھیڑ خانی اور بے ہودگی کا مرتکب ہو اسے متعلقہ تعلیمی ادارے سے ہمیشہ کے لیے ہٹا دیا جانا ضروری ہے‘۔

شیئر: