اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا حوثیوں کی ڈرون اور میزائل سازی روکنے کے اقدامات پر اتفاق
قرارداد میں حوثیوں کی فوجی کارروائیوں اور سعودی عرب پر حملوں کی سخت مذمت کی گئی (فائل فوٹو: اے پی)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن پر عائد پابندیوں کی تجدید کر دی ہے اور دوہرے استعمال کی حامل اشیا روکنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جن کو حوثی ملیشیا ڈرونز اور میزائلوں کی تیاری میں استعمال کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو سلامتی کونسل میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں یمن کے اندر حوثیوں کی فوجی کارروائیوں اور سعودی عرب پر سرحد پار حملوں کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے۔
قرارداد میں حوثیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یمن میں فوجی کارروائیاں، سعودی عرب پر حملے اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ بننا بند کریں۔
قرارداد کے تحت حوثی ملیشیا کے ارکان کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر سفری پابندیوں میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کی مدت بھی 15 دسمبر 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اپریل 2015 میں قرارداد 2216 کے تحت حوثیوں پر عائد اسلحے کی پابندی کی کوئی مقررہ آخری تاریخ نہیں ہے۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب سارہ میک اِنٹوش کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے متفقہ طور پر اس قرارداد کی مںظوری سے ظاہر ہوتا ہے کہ کونسل یمن میں حوثیوں اور سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر ممالک پر ان کے حملوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔
برطانیہ وہ ملک ہے جو یمن کے معاملے پر سلامتی کونسل کی جانب سے ہونے والی سرگرمیوں کی قیادت کرتا ہے۔
برطانوی مندوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ ان حملوں کے مقابلے میں یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی قوانین کے تحت اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے ان کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
اس قرارداد کا مقصد حوثی ملیشیا کی ہتھیار بنانے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو روکنا ہے۔
سارہ میک اِنٹوش کے مطابق اس قرارداد سے پابندیوں کے نظام کو حوثیوں کی جانب سے پیدا ہونے والے نئے خطرات کی مناسبت سے تیار کیا گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حوثی مقامی سطح پر ہتھیار بنانے کے لیے ایسے کیمیکلز اور پرزوں پر انحصار کرتے ہیں جو عام شہری مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں لیکن انہیں فوجی کارروائیوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ سامان حوثیوں کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے حملے کرنے میں مدد دیتا ہے۔