Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ پر خوف کے سائے، 90 کے انڈر ورلڈ کا دور واپس آ رہا ہے؟

18 اکتوبر کو اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی (فوٹو: انڈین میڈیا)
یہ بات بالی وڈ فلم کے کسی سنسنی خیز منظر کی طرح لگتی ہے کہ انڈیا کی فلمی شخصیات فائرنگ اور بھتہ وصولی کی دھمکیوں کے بڑھتے واقعات سے پریشان ہیں اور حفاظت کے لیے گارڈز رکھنے کا سلسلہ بھی زور پکڑ گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس سے 90 کی دہائی کی وہ تلخ یادیں تازہ ہوئی ہیں جب جرائم پیشہ عناصر فلمی صںعت پر گہرے اثرات رکھتے تھے۔
تاہم پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں ان کی طاقت کمزور پڑ گئی تھی مگر صورتحال نے ایک بار پھر فلمی صنعت کو خوف میں دھکیل دیا ہے۔
انڈین پولیس کی جانب سے تشدد کے حالیہ واقعات کو لارنس بشنوئی گینگ سے جوڑا گیا ہے۔
یہ ایک سزا یافتہ گینسٹگر ہے جس کے بارے میں امریکی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی جرائم کا ایک بین الاقوامی نیٹ ورک چلا رہا ہے۔
سکیورٹی کمپنی کے مالک رونیت رائے جو اداکارہ بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ فلمی ستاروں کے لیے محافظ ضروری ہو گئے ہیں۔
’ذاتی محافظوں کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اب یہ معاملہ صرف مرکزی اداکار تک محدود نہیں بلکہ بلکہ اہل خانہ اور بچوں کے لیے محافظ مانگے جاتے ہیں۔‘
انڈین مصنف ایس حسین زیدی جو تحقیقاتی صحافی کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں، کے مطابق بعض جرائم پیشہ افراد بدنام زمانہ گینگسٹرز کے نام اور خوف سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ گروہ فلم انڈسٹری کو خوفزدہ کرنے کے لیے ایک قسم کی ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو رہے ہیں اور لوگوں کو لگتا ہے کہ 90 کی دہائی کا مافیا کا دور واپس آ رہا ہے۔

امیتابھ بچن نے بُلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے مداحوں سے ملاقات کی (فوٹو: اے ایف پی)

 حالیہ واقعات میں پچھلے مہینے ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جبکہ اداکار تشار کپور سے مبینہ طور پر چھ لاکھ ڈالر بھتہ مانگا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے 13 افراد کو گرفتار کیا اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا مقصد بھتہ وصول کرنے کے علاوہ گینگ کا اثر و رسوخ بڑھانا اور خوف پھیلانا تھا۔
پولیس حکام کی جانب سے یہ بھی بتا گیا ہے کہ دیگر معروف شخصیات کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا رہی تھی۔
واقعے کے بعد لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن انیل پنڈت کو بھی مطلوب قرار دیا گیا ہے۔
بالی ووڈ کے تاریک دور کی یاد
ایسے واقعات کے بعد فلمی صنعت میں پھیلنے والی بے چینی اب کھل کر سامنے آنے لگی ہے۔
معروف اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں ممبئی میں اپنے گھر کے باہر جمع ہونے والے مداحوں کے لیے ہاتھ ہلا کر خوشی کا اظہار تو کیا مگر بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے، جبکہ اداکار شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
تاہم مصنف حسین زیدی کا کہنا ہے کہ 1990 کی دہائی کے بڑے گینگسٹرز اب مر چکے ہیں، جیلوں میں ہیں یا جرائم کی سرگرمیاں چھوڑ چکے ہیں۔

حالیہ واقعات کے بعد شاہ رخ خان کے گھر کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

’آج کل صرف لارنس بشنوئی کا نام سننے میں آتا ہے اور وہ بھی جیل میں ہے۔ اس لیے ممبئی کا کوئی مقامی گینگسٹر شہر پر کنٹرول نہیں رکھتا۔‘
’ملک چھوڑنا پڑا‘
مشہور تھرلر فہم ’گپت‘ کے ڈائریکٹر راجیو رائے کو 1990 کی دہائی کے آخر میں بھتے کے مطالبات اور قتل کی دھمکیوں پر مبنی فون کالز موصول ہوتی تھیں۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ بھتہ نہ دینے پر قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئیں جس پر وہ انڈیا چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہو گئے۔
1990 کی دہائی کے اواخر اور 2000 کے ابتدائی برس بالی ووڈ کے مشکل ترین ادوار میں شمار ہوتے ہیں۔ اس دوران جرائم پیشہ گروہ دھمکیوں، بھتہ خوری اور تشدد کے ذریعے فلموں کی مالی معاونت، اداکاروں کے انتخاب اور فلموں کی تقسیم پر اثر انداز ہوتے تھے۔
ان گروہوں میں داؤد ابراہیم کا نام بھی شامل تھا، جن کو اقوام متحدہ نے پابندیوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کے حالیہ واقعات کے پیچھے بشنوئی گینگ ہے (فوٹو: انڈین میڈیا)

ان پر 1993 کے ممبئی بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے جن میں 257 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ان کا سابق ساتھی اور بعد میں مخالف بننے والا چھوٹا راجن بھی ایسے گروہوں میں شامل تھا جو اس وقت بھارت کی جیل میں ہے۔
اس دور میں فلم سازوں کو بھتہ دینے، کاروباری مفادات چھوڑنے اور گینگسٹرز کے مطالبات ماننے پر مجبور کیا جاتا تھا۔
پولیس کی سخت کارروائیوں اور 1999 میں منظم جرائم کے خلاف قوانین کے نفاذ سے ان گروہوں کا اثر و رسوخ کم ہوا۔ اس کے علاوہ فلمی صنعت میں بڑی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھنے سے بھی جرائم پیشہ گروہوں کا اثر کم ہو گیا۔

شیئر: