’جنگی اخراجات کے لیے بھتہ وصولی‘، حوثیوں کی بیکریوں کے خلاف مہم سے صنعا میں روٹی کی قلت
جمعرات 12 نومبر 2026 8:01
حوثیوں کی مہم میں وہ فلاحی بیکریاں بھی نشانہ بنی ہیں جو غریبوں کو مفت خوراک فراہم کرتی ہیں(فوٹو: عرب نیوز)
یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کی جانب سے درجنوں بیکریاں زبردستی بند کیے جانے کے بعد روٹی کی قلت ہو گئی ہے، یہ اقدام ملیشیا کی اس مہم کے دوران کیا گیا جو بیکریوں سے غیر قانونی رقم کی وصولی کے لیے چلائی گئی۔
عرب نیوز کی رپورٹ میں الشرق الاوسط کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق اس کارروائی میں وہ فلاحی بیکریاں بھی نشانہ بنی ہیں جو غریبوں کو مفت خوراک فراہم کرتی ہیں، جبکہ دیگر بیکریوں کو ناقص معیار کا آٹا استعمال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی حکام نے پچھلے ہفتے کے وسط سے اب تک معین اور الوحدہ کے علاقوں میں تقریباً 12 معائنہ ٹیمیں بھیجی ہیں۔
ان ٹیموں نے روٹی کے وزن سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر تقریباً 78 بیکریوں پر چھاپے مارے، انہیں بند کیا اور مالکان سے رقم وصول کی۔
بیکری مالکان کا کہنا ہے کہ معائنے کا مقصد مزید ٹیکس اور رقم وصول کرنا ہے۔ ان کے مطابق حوثی ملیشیا بیکریاں بند کرنے کی دھمکی دے کر انہیں اپنی جنگی سرگرمیوں کے لیے رقم دینے پر مجبور کر رہی ہے۔
نشانہ بننے والی 78 میں صرف وہی 25 بیکریاں دوبارہ کھل سکی ہیں جن کے مالکان نے مجبوراً ادائیگی کر دی جبکہ باقی ابھی تک بند ہیں، یہ خدشات بھی ہیں کہ حوثیوں کے کریک ڈاؤں کا سلسلہ دوسرے علاقوں تک بھی پھیل سکتا ہے اور روٹی کی پیداوار میں مزید کمی ہو سکتی ہے جس شہریوں کی مشکلات بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اگرچہ حوثیوں کی معائنہ ٹیموں نے کہا ہے کہ مہم کا مقصد وزن سے متعلق ضوابط کو نافذ کرنا تھا تاہم ان کی جانب سے ان خیراتی اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ’بیکریاں برائے غربا‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیراتی ٹیکس کی وصولی کا اختیار نہ ہونے کے باوجود ان سے زکوٰۃ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا جا تا ہے۔
خیراتی بیکریوں کے خلاف کارروائی کے باعث سینکڑوں غریب اور بے گھر خاندان مفت یا کم قیمت پر ملنے والی روٹی سے محروم ہو گئے ہیں۔
صنعا کے بیکری مالکان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ہراساں کرنے اور بھتہ وصول کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے اور وہ روٹی کی تیاری کو بھی پیسے کمانے کا ذریعہ بنا رہی ہے۔
حوثی حکام بیکری مالکان سے محاذوں پر جنگ لڑنے والوں کی مدد کے نام پر رقم مانگ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جنگ کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے اور متحرک کرنے کی مہمات کے اخراجات بھی وصول کیے جا رہے ہیں۔
مالکان کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔
اسی طرح شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں روٹی کی فراہمی کم ہو گئی ہے اور مزید کمی کے بھی خدشات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بیکریاں طویل عرصے تک بند رہیں تو اس کا نقصان صرف بیکری مالکان کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو بھی ہو گا۔
حوثیوں پر یہ الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ اپنے زیرِ کنٹرول سرکاری اداروں کو استعمال کر کے باقی کاروباری اداروں سے زیادہ سے زیادہ رقم وصول کر رہے ہیں۔ وہ بازاروں کی نگرانی، صارفین کے تحفظ، اشیا کا معیار بہتر بنانے اور قیمتیں مستحکم رکھنے کے بجائے کاروباری افراد پر مزید ٹیکس اور بھاری فیسیں عائد کر رہے ہیں۔
ان اقدامات سے یمن کے عوام کی بنیادی خوراک یعنی روٹی کی فراہمی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار شہریوں کی پریشانی مزید بڑھ رہی ہے۔
