Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کا اینویڈیا کے نئے سربراہ کے لیے ٹِم کک کے نام کی تجویز

ٹرمپ نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے دوران اینویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ کو قریبی مشیر کی حیثیت دی (فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایپل کے سابق سی ای او ٹم کک کو جینسن ہوانگ کی جگہ اینویڈیا کا سربراہ مقرر کیا جانا چاہیے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’اب جبکہ اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ جنہوں نے شاندار کام کیا ہے، استعفیٰ دے چکے ہیں تو ان کی جگہ لینے کے لیے صرف ایک ہی شخص ہے اور وہ ایپل کے ٹِم کک ہیں۔‘
’ایک لیجنڈ کی جگہ دوسرا لیجنڈ ہی لے سکتا ہے‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چِپ بنانے والی بڑی کمپنی اینویڈیا کے سربراہ کے انتخاب کا کوئی باضابطہ اختیار حاصل نہیں ہے۔ اینویڈیا مصنوعی ذہانت کے انقلاب میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
تاہم اس معاملے میں ٹرمپ کی غیر معمولی مداخلت جینسن ہوانگ اور ٹِم کک دونوں کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات کو ظاہر کرتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے دوران اینویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ کو قریبی مشیر کی حیثیت دی۔ یہاں تک کہ مئی میں چین کے سرکاری دورے کے موقع پر انہیں اپنے طیارے ایئر فورس ون میں بھی ساتھ لے گئے تھے۔
ہوانگ کے چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ سے مبینہ تعلقات کے الزامات سامنے آنے کے بعد، ٹرمپ نے رواں ہفتے اینویڈیا کے سربراہ کا دفاع کیا اور کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ ایلس ہوانگ مبینہ طور پر بیجنگ کے لیے جاسوسی کر رہی تھیں۔
تاہم ٹرمپ کو اب بھی ان سوالات کا سامنا ہے کہ انہیں ان الزامات کے بارے میں کیا معلوم تھا اور کب معلوم ہوا تھا۔
دی نیویارک ٹائمز نے رواں ہفتے کے اوائل میں رپورٹ کیا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مئی میں ایئر فورس ون میں ٹرمپ کو ان الزامات سے آگاہ کیا تھا۔ یہ اطلاع انہیں الاسکا میں جینسن ہوانگ کو چین کے دارالحکومت بیجنگ لے جانے کے لیے طیارے میں سوار کرنے سے کچھ دیر قبل دی گئی تھی۔
اگست 2025 میں ٹم کک ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں موجود تھے، جہاں انہوں نے اعلان کیا کہ ایپل امریکا میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا کر 600 ارب ڈالر تک لے جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب ٹرمپ نے بیرونِ ملک تیار ہونے والی ٹیکنالوجی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

شیئر: