Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی ادھار سامان نہیں دیتے، معمر سعودی کا شکوہ

 سوشل میڈیا پر معمر سعودی دکاندار کی وڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، فوٹو: مزمز
 سعودی عرب میں بقالے (جنرل سٹور) کے معمر سعودی دکاندار کی وڈیو وائرل ہے۔
 سعودی شہری نے شکوہ کیا کہ ’ غیر ملکی ڈسٹری بیوٹر سعودیوں کو ادھار سامان نہیں دیتے۔ اگر کوئی غیر ملکی ہو تو اسے طلب کیے بغیر ادھار سامان دیتے رہتے ہیں‘۔
مزمز ویب سائٹ کے مطابق معمر سعودی نے یہ بھی شکوہ کیا کہ ’ میرے بقالے میں سامان بہت کم ہے۔ ڈسٹری بیوٹرز کمپنیاں مجھ پر اعتبار نہیں کرتیں کیونکہ میں نے نیا بقالہ (جنرل سٹور) کھولا ہے‘۔ 
’ مشکل یہ ہے کہ کمپنیاں ادھار پر سامان اس صورت میں دیتی ہیں جب غیر ملکی بقالہ چلا رہا ہو۔ ہم سعودیوں کے ساتھ ان کا رویہ مختلف ہے‘۔
 سوشل میڈیا پرمعمر سعودی دکاندار کی وڈیو تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔ کئی شخصیات نے چاچا ابو سلمان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مقامی کمپنیوں کو ترغیب دی کہ وہ چاچا ابو سلمان کو ادھار پر سامان فراہم کریں۔ 
دیکھتے ہی دیکھتے چاچا ابو سلمان کو ترغیبات کے ساتھ تجارتی پیش کشیں موصول ہونے لگیں۔ بعض تاجروں نے انہیں مفت سامان فراہم کیا ہے۔
کئی کمپنیوں نے چاچا ابو سلمان سے کہا کہ وہ بہت سارا سامان مفت فراہم کریں گی۔ دیگر کمپنیوں نے وعدہ کیا کہ وہ ادھار پر سامان مہیا کریں گی۔ ایک کمپنی نے کہا کہ وہ ایک برس تک بقالے کا بجلی بل ادا کرے گی۔
یاد رہے کہ بقالوں (جنرل سٹور) میں زیادہ تر غیر ملکی ہیں۔ انہوں نے سعودیوں کے نام سے بقالے کھولے ہوئے ہیں۔ سالہا سال سے سعودی عرب کے بقالے غیر ملکیوں ہی سے منسوب ہو گئے ہیں۔ سعودی شہری بقالوں کے کاروبار میں دخل نہیں دیتے۔
 اب صورت حال بدلنے لگی ہے دیگر شعبوں کی طرح بقالوں کے کاروبار میں بھی سعودی شہری قدم رکھنے لگے ہیں۔ چاچا ابو سلمان اس کی ایک مثال ہے۔
 سوشل میڈیا پر صارفین نے لکھا کہ ’بقالوں پر غیر ملکی چھائے ہوئے ہیں۔ معمرسعودی دکاندارکی مدد کرنا ضروری ہے‘۔ 

شیئر: