Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: ایشیا سے باہر پہلی ہلاکت کی تصدیق

چین میں کورونا کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 66 ہزار 492 ہو چکی ہے، فوٹو: روئٹرز
کورونا وائرس کے باعث ایشیا سے باہر پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والا معمر چینی شہری فرانس میں سیاحت کے لیے گیا تھا۔ 
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کے وزیر صحت ایگنس بُزین نے سنیچر کو بتایا کہ ’ہسپتال میں زیرعلاج ایک 80 سالہ چینی سیاح کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گیا ہے۔‘
فرانس میں اب تک کورونا وائرس کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ یورپ میں کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔ اس سے قبل ایشیا میں چین کے علاوہ فلپائن، ہانگ کانگ اور جاپان میں وائرس سے ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ’سنیچر کے روز تک چین میں کورونا وائرس کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 66 ہزار 492 ہو چکی ہے جبکہ اس کی وجہ سے 15 سو 23 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کے تقریباً دو درجن سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے لگ بھگ 500 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔‘
جمعے کو مصر نے بھی کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے جو مشرق وسطیٰ میں متحدہ عرب امارات کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں کورونا کا کیس سامنے آیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ’چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف قسم کے 82 تجربات کر رہا ہے۔‘ ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ’وہ مہلک مرض پر قابو پانے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کرے۔‘
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ایمرجنسیز پروگرامز مائیکل ریان کا کہنا ہے کہ ’ان میں سے بعض تجربات کے نتائج دو سے تین ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔‘

دوسری جانب جاپان کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’جاپانی ساحل پر لنگرانداز بحری جہاز میں کورونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آئے ہیں۔‘
اس حوالے سے امریکہ نے سنیچر کو کہا ہے کہ ’وہ اپنے شہریوں کو جاپانی ساحل پر لنگرانداز جہاز سے لانے کے لیے طیارہ بھیجے گا۔‘
چین کے نائب وزیر برائے خارجہ امور قِن گینگ نے کہا ہے کہ ’ان کا ملک جلد کورونا وائرس پر قابو پا لے گا، میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ کورونا وائرس کا چینی معیشت کو پہنچنے والا نقصان عارضی ہو گا۔‘

کورونا وائرس دنیا کے دو درجن سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے (فوٹو: روئٹرز)

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینوم نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ’ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی یکجہتی ضروری ہے۔‘
تھائی لینڈ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ’ایک نئے کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد جنوری سے اب تک ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔‘

شیئر: