Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکھر: لینڈنگ کے دوران طیارے کا ایمرجنسی گیٹ کھل گیا

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیات کی جا رہی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ایک مسافر طیارے کا سکھر ایئر پورٹ پر ایمرجنسی گیٹ لینڈنگ کے دوران کھل گیا۔
پی آئی اے کا طیارہ پی کے 631 اسلام آباد سے سکھر پہنچا تھا جہاں لینڈنگ کے دوران اس کا ایمرجنسی گیٹ کھل گیا تاہم حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
طیارہ اس وقت سکھر ایئر پورٹ پر کھڑا ہے اور گیٹ کی مرمت کے بعد اسے کراچی بھیج دیا جائے گا۔
پی آئی اے کے جنرل مینیجر پبلک ریلیشنز عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ان کے بقول ’جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت جہاز لینڈنگ کرنے کے بعد پارکنگ کی طرف بڑھ رہا تھا۔ امکان یہی ہے کہ گیٹ کے پاس بیٹھے کسی مسافر نے اسے کھول دیا ہوگا، مزید حقائق تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔‘
عبداللہ حفیظ کے مطابق جہاز کے عملے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایمرجنسی گیٹ ان کی طرف سے نہیں کھولا گیا تھا۔  
قبل ازیں 20 جنوری کو ریاض جانے والی پی آئی اے کی فلائیٹ پی کے 729 کے پائلٹ کو طیارے میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
اسی طرح گزشتہ برس نومبر میں بھی پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 کو کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ یہ پرواز لاہور سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جا رہی تھی کہ ہوائی جہاز میں اچانک تکنیکی خرابی کا پتا چلا۔

شیئر: