Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس، امریکہ اڑھائی ارب ڈالر خرچ کرے گا

چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے 25 سے زائد ملکوں کے ہزاروں شہری متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں پھیلتے خطرناک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکہ دو ارب 50 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کی منصوبہ بنا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کے فوری اخراجات کی منظوری کے لیے درخواست کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق درخواست میں محکمہ صحت کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے نئے فنڈز کی فراہمی کے لیے کہا گیا ہے۔  
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ سرکاری محکموں سے اضافی رقم اور محکمہ صحت کی ترجیحات کا دوبارہ تعین کر کے کل دو ارب 50 کروڑ ڈالر اکھٹے کیے جا سکیں گے۔
ڈیموکریٹ ارکان نے اس درخواست پر کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے بہت کم رقم مختص کی جا رہی ہے جبکہ کانگریس کی ہاؤس کمیٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست پر جاری کیے اپنے بیان میں رقم کو افسوس ناک حد تک ’ناکافی‘ قرار دیا ہے۔
ہاؤس کمیٹی کی چیئرپرسن نیتا لووے نے کہا ہے کہ ’کانگریس اور پبلک ہیلتھ کمیونٹی کی جانب سے فوری خبردار کیے جانے کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ نے ہنگامی فنڈز کی فراہمی کی درخواست کرنے میں ہفتے لگا دیے۔‘

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی درخواست میں محکمہ صحت کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے نئے فنڈز کی فراہمی کے لیے کہا گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ فنڈز کورونا سے متاثر افراد کو الگ رکھنے، لیبارٹری ٹیسٹ، ویکیسین ریسرچ اور متاثرہ ریاستوں کی مدد کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے 25 سے زائد ملکوں کے ہزاروں شہری متاثر ہو چکے ہیں جبکہ چین میں اس وبا سے 2600 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ 
چین میں وائرس سامنے آنے کے بعد بین الاقوامی ایئر لائنز نے چین کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں جس کے باعث ایشیا کی فضائی کمپنیوں کو 27 ارب ڈالر سے زائد کے نقصان کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق متاثر ہونے والی فضائی کمپنیوں میں سے بیشتر کا تعلق چین سے ہے۔

شیئر: