Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گردوغبار سے گاڑیوں میں تصادم، دو ہلاک

’آج بدھ کو بھی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسم کی صورت حال غیر یقینی رہے گی‘ ( فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب میں گردوغبار کے طوفان کے باعث 12 گاڑیوں میں تصادم ہوا ہے جس میں دو غیر ملکی ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ حائل شہر سے 130 کلومیٹر دور السلیمی کمشنری ہائی وے پر پیش آیا۔ ہلال احمر اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

سبق ویب سائیٹ کے مطابق ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی کا کہنا ہے کہ ’آج بدھ کو بھی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسم کی صورت حال غیریقینی رہے گی، تبوک ریجن سمیت مدینہ اور مکہ میں سردی میں اضافہ ہو گا۔‘
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ریاض کے علاوہ شمالی حدود ریجن، الجوف، حائل، نجران اور مشرقی ریجن میں گردوغبار کا طوفان رہے گا۔‘
#الغبار الرياض الآن pic.twitter.com/JmYipCaVD8
قبل ازیں حد نگاہ انتہائی کم  ہو جانے کے باعث محکمہ ٹریفک نے ہائی وے کو بند کردیا تھا جسے بعد ازاں طوفان کم ہونے پر کھول دیا گیا۔
ماہر موسمیات ڈاکٹر فہد الخضیری نے کہا ہے کہ ’اس بات میں ایسی کوئی دلیل نہیں ہے کہ گردوغبار کے طوفان سے وائرس کا خاتمہ ہوتا ہے۔‘
انہوں نے یہ بات ریاض سمیت متعدد شہروں میں گردوغبار کے طوفان پر سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کے پس منظر میں کہی ہے جس میں صارفین کی بڑی تعداد کا کہنا تھا کہ گردوغبار کے طوفان سے فضا اور ہوا میں موجود وائرس کا خاتمہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر الخضیری نے کہا ہے کہ ’ایسی کوئی علمی اور طبی دلیل نہیں جس کی بنیاد پر یہ بات کہی جا سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس سائنسی بنیاد پر یہ بات کہی جاتی ہے کہ گردوغبار کے طوفان کے بعد وائرس مزید تیز اور طاقتور ہوجاتے ہیں۔‘

شیئر: