Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں گردوغبار کا طوفان،آج تعلیمی ادارے بند

ریاض کے باشندوں سے کہا گیا کہ وہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔فوٹو: ٹوئٹر
سعودی دارالحکومت ریاض میں منگل کو گردو غبار کے طوفان کے حصار میں رہا۔ریاض ریجن سے متصل قصیم ریجن میں گردوغبار کے طوفان سے مقامی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ’ بدھ کو سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ درجہ حرارت کم ہوجائے گا جبکہ کئی علاقوں کا مطلع ابر آلود ہوگا‘۔
سعودی عرب کے شمالی اور شمال مغربی علاقے نیز جنوب مغربی علاقے ابر آلود رہیں گے۔

شمالی اور شمال مغربی علاقے نیز جنوب مغربی علاقے ابر آلود رہیں گے۔فوٹو: ٹوئٹر

محکمہ موسمیات کے مطابق’ گردو غبار کا طوفان بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ اس سے الجوف، حدود شمالیہ، حائل، القصیم، ریاض، الشرقیہ اور نجران کے علاقے متاثر ہوں گے۔ حد نظر بے حد محدود ہوگی‘۔
 امکان ہے کہ ریاض اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں حد نظر مکمل طور پر معدوم ہوجائے۔ ریاض اور الشرقیہ کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے بھی امکانات ہیں۔

قصیم ریجن میں گردوغبار کے طوفان سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فوٹو: ٹوئٹر

ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے ریاض کے باشندوں سے کہا ’ وہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔ریاض کے اطراف کا علاقہ منگل کی دوپہر سے ہی گردو غبار کے طوفان کے حصار میں ہے۔ یہ طوفان بڑھتے بڑھتے شام تک ریاض پہنچ گیا۔
ریاض ریجن کی کمشنری شقراء، مرات اور سدیر منگل کو گردو غبار کے طوفان کی زد میں رہیں۔ ماہرین موسمیات کی توقعات کے عین مطابق الخرج، الدرعیہ، الدوادمی، الغاط، القویعہ المجمعہ، رماح، شقراء، عفیف اور ریاض شہر بھی طوفان کے حصار میں آگیا۔
 دریں اثناگردو غبار کا طوفان جاری رہنے کی پیشگوئی کے باعث بدھ کو ریاض ریجن میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے سربراہ حمد بن ناصرنے ریا ض ریجن میں اسکول کلاسز منسوخ کیے جانے کے احکامات دیے ہیں۔
 خراب موسم کے باعث امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی میں بھی کلاسز معطل رہیں گی۔

شیئر: