Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحت یاب

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا چھ تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سامنے آنے والا کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہو گیا ہے اور حکام کے مطابق اسے سنیچر کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ یہ مریض کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مریض کی صحت یابی کو ’بڑی کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے ٹاسک فورس، مریض اور اس کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی تھی جو اب پانچ رہ گئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون مرتضیٰ وہاب نے اردو نیوز کو بتایا کہ 22 سالہ مریض کا کامیابی سے علاج کیا گیا جس کے بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ کروایا گیا جو منفی آیا لہذا انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
ایران کے سفر سے واپس آئے اس نوجوان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور یہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تھا جسے کراچی کے آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج رکھا گیا تھا۔
کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مریض کے اہلِ خانہ کے ٹیسٹ بھی کراچی کے ڈاؤ ہسپتال میں کرائے گئے تھے جو کلیئر آئے تھے۔
کچھ دن پہلے بھی محکمہ صحت سندھ نے بیان جاری کیا تھا کہ آغا خان ہسپتال میں داخل مریض کی حالت سنبھل چکی ہے اور وہ تیزی سے صحتباب ہو رہا ہے۔
اس وقت کراچی میں کورونا وائرس کے مزید دو مریض زیر علاج ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں اس مہلک مرض کے تین مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وائرس کے نئے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’کورونا کا چھٹا مریض سندھ میں ہے اور اس کی صحت بہتر ہے، مریض کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘

کورونا سے دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 34 سو سے زائد ہوچکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

قبل ازیں ڈاکٹر ظفر مرزا نے منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق ہوگئی ہے اور یہ کیس وفاقی دارالحکومت میں سامنے آیا ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جب ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ’پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سندھ اور دوسرا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سامنے آیا۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مجموعی طور پر کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 34 سو سے زائد ہوچکی ہے اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات چین اور اس کے بعد ایران میں واقع ہوئی ہیں۔

شیئر: