ٹریفک اہلکار کو گاڑی سے کچلنے کا مقدمہ، سابق ایم پی اے مجید اچکزئی کو 10 سال قید کی سزا
عبدالمجید اچکزئی کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے ہے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس اہلکار کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔
عدالت نے سابق ایم پی اے کو ٹریفک اہلکار کے قانونی ورثا کو دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ فیصلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے دائر اپیل پر سنایا۔
عدالت نے نو برس پرانے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ عبدالمجید اچکزئی تیز رفتاری اور غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلانے کے ذمہ دار تھے جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطاء اللہ کی موت واقع ہوئی۔
عدالت نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت انہیں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
اس دفعہ کے تحت تیز رفتاری یا غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے نتیجے میں کسی شخص کی موت واقع ہونے پر قتلِ خطا کا جرم بنتا ہے۔ اس جرم میں دیت کی ادائیگی کے علاوہ 10 سال تک قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج کو عبدالمجید اچکزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ان کی گرفتاری کے بعد جیل منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عبدالمجید اچکزئی کو چار ستمبر 2020 کو کوئٹہ کی ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ نے شواہد کی کمی کی بنیاد پر بری کردیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف حکومت بلوچستان نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
یہ واقعہ 20 جون 2017 کو کوئٹہ کی مصروف شاہراہ زرغون روڈ پر صوبائی اسمبلی سے چند قدم کے فاصلے پر جی پی او چوک پر پیش آیا تھا جہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطاءاللہ کو ایک تیز رفتار لینڈ کروزر نے کچل دیا تھا۔
انہیں شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے۔
ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا تھا تاہم بعد ازاں عبدالمجید اچکزئی کو گرفتار کرکے مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
اس وقت عبدالمجید اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے رکن اور اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہوئی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری کے مطالبے پر مہم شروع ہوگئی تھی۔
اس واقعے پر اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی ازخود نوٹس لیا تھا۔
مجید خان اچکزئی نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ٹریفک اہلکار کے اہل خانہ سے صلح ہوگئی ہے تاہم ٹریفک اہلکار کے بیٹے معظم نے میڈیا میں صلح کی اطلاعات کی تردید کی تھی۔
مقدمے کی سماعت کے دوران بعض گواہوں کے بیانات بھی اہمیت اختیار کرگئے تھے۔ دسمبر 2017 میں دو پولیس اہلکار اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہوگئے تھے۔
اس مقدمے میں انسداد دہشت گردی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں لیکن دسمبر 2019 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرکے اسے سیشن کورٹ منتقل کردیا تھا جہاں ستمبر 2020 میں عبدالمجید اچکزئی کو بری کردیا گیا تھا۔ سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔
عبدالمجید اچکزئی کون ہیں؟
عبدالمجید اچکزئی کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ اور سیاسی تعلق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہے۔ وہ دو مرتبہ بلوچستان اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔
گرفتاری کے وقت وہ بلوچستان اسمبلی کے رکن اور قائمہ کمیٹی برائے پبلک اکاؤنٹس کے چیئرمین تھے۔ مجید اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے قریبی عزیز ہیں۔
