ربیعہ احسن کیس: شوہر احسن طاہر مزید چار رزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کیس میں ان کے شوہر ملزم احسن طاہر کو مزید چار رزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
منگل کو صدر بیرونی پولیس نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر مقتولہ کے شوہر کو سول جج محمد نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا تھا۔
پولیس نے عدالت سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
پیر کو کیس کے تفتیشی افسر سید منتظر زیدی نے کہا تھا کہ ’اب تک کی تفتیش سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ قتل تھا یا حادثہ۔‘
پیر ہی کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ربیعہ احسن کے خاندان نے مقدمہ واپس لے لیا ہے تاہم راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’مقدمہ واپس لینے کے معاملے پر تاحال پولیس کو باضابطہ طور پر کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی۔‘
سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب سے گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی جو اُن کی موت کا سبب بنی۔
پولیس کو ربیعہ احسن کے گھر کے ملازم اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے تاحال یہی بیانات دیے گئے ہیں کہ ربیعہ احسن اور ان کے شوہر محمد احسن کے درمیان کوئی گھریلو ناچاکی یا لڑائی جھگڑے کا معاملہ نہیں تھا۔
راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں آٹھ نومبر کو درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق متوفیہ کے بھائی اور مدعی مقدمہ خرم احمد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں فون پر اطلاع دی گئی تھی کہ ربیعہ احسن کو اُن کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔
مدعی کے بیان کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لَت پَت پڑی تھیں اور فوت ہو چکی تھیں جبکہ اُن کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔