Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطیف کمشنری میں آمدو رفت پر پابندی

قطیف میں تمام سرکاری و نجی ادارے بند ہوں گے ( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں واقع قطیف کمشنری کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وقتی طور پر وہاں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی نہ وہاں سے کسی کو نکلنے دیا جائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’صحت کے متعلقہ اداروں کے مشورے اور کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اہم فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 11 ہوگئی ہے اور سب کے سب قطیف کمشنری کے رہائشی ہیں‘۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ایسی صورت میں عالمی طور پر مسلم طریقہ کار یہی رہا ہے کہ وبا زدہ علاقے کو محصور کیا جائے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام تر تدابیر اختیار کی جائیں‘۔
وزارت داخلہ کے مطابق ’اس صورتحال کے تناظر میں فیصلہ ہوا ہے کہ قطیف کمشنری میں  سب کا داخلہ روک دیا جائے اور وہاں کسی کو جانے نہ دیا جائے‘
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’فیصلے کا نفاذ قطیف کمشنری پر جنوب سے سیہات اور شمال میں صفوی علاقوں تک ہوگا‘۔

قطیف آنے جانے والی تجارتی ٹریفک بحال رہے گی (فوٹو: روئٹرز)

وزارت نے کہا ہے کہ ’قطیف کے رہائشی جو کمشنری سے باہر ہیں، اگر وہ اپنے گھروں کو جانا چاہیں تو انہیں جانے دیا جائے گا‘۔
وزارت کے مطابق ’قطیف کمشنری میں تمام سرکاری ونجی ادارے بند کر دیے جائیں گے، اس سے استثنی صرف ان اداروں کو ہوگا جو بنیادی خدمات فراہم کرتے ہیں، جیسے پولیس، سیکیورٹی یا غذائی اداروں کے علاوہ پٹرول پمپ، فارمیسی اور دیگر بنیادی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ہیں‘۔
اعلامیے کے مطابق ’قطیف آنے جانے والی تجارتی ٹریفک بحال رہے گی جس کے ذریعہ لوگوں کو بنیادی اشیا فراہم کی جاتی ہیں تاہم آمد رفت میں احتیاطی تدابیر پر عمل ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے متاثر ہونے والے افراد جو اپنے دفاتر نہیں جاسکیں گے انہیں وزارت صحت کی طرف سے بیماری کی چھٹی فراہم ہوگی‘۔
وزارت داخلہ کے مطابق ’شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر میں تعاون سے بہترین اور زیادہ جلد نتائج برآمد ہوں گے۔ صحت اداروں کے ساتھ تعاون اور انہیں اپنے فرائض انجام دینے میں سہولت فراہم کرنے سے ہم وائرس سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

شیئر: