Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا کے بعد اقدامات اور آپ کے سوالات

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 86 کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں سعودی حکومت کی جانب سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عمرہ زائرین کی آمد پر عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
عمرہ پرعارضی پابندی کا اطلاق سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں پر بھی کیا گیا ہے۔ ملک کے ہوائی اڈوں پر بھی خصوصی احتیاطی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں جراثیم کش ادویات کا مسلسل سپرے کیا جاتا ہے جبکہ وہ مقامات جہاں لوگوں کی آمدورفت زیادہ ہوتی ہے وہاں خصوصی طور پر صفائی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے گذشتہ ہفتے ان ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی تھی جہاں ’کورونا‘ نے وبائی صورت اختیار کی تھی۔ تاہم  احتیاط کے پیش نظر احتیاطی تدابیر میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ملک میں آمدوروفت کو محدود کردیا تاکہ وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ 
سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ پر پابندی کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو جو روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں پربھی پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مقررہ مدت کے دوران وہ مملکت واپس آ سکتے ہیں۔ تاہم ابھی تک اس حوالے سے مزید وضاحتی بیان جاری نہیں ہوا کہ آیا اس ڈیڈ لائن میں توسیع کی جائے گی یا نہیں۔
سعودی عرب میں نئی تبدیلی کے حوالے سے اردونیوز کے اکثر قارئین کی جانب سے متعدد سوالات کیے جا رہے ہیں جن کے جوابات پیش خدمت ہیں۔
مکہ مکرمہ سے عمر فاروق کا کہنا ہے کہ فیملی وزٹ ویزہ پاکستان سے سٹیمپ کر دیا گیا ہے کیا اس ویزے پر سعودی عرب آیا جا سکتا ہے؟
جواب: سعودی عرب میں آنے کی پابندی کا اطلاق 12مارچ سے 72 گھنٹے کے لیے کیا گیا ہے۔ اگر آپ کا ویزہ سعودی سفارت خانے سے سٹیمپ کیا جاچکا ہے تو آپ فوری طور پر سعودی عرب آسکتے ہیں۔
معروف چنہ کا سوال ہے کہ ان کا ’ہروب‘ لگا ہوا ہے واپس وطن جانے کی کیا صورتحال ہوگی؟
جواب:  ہروب کے حوالے سے اردو نیوز کے گذشتہ کالمز میں تفصیل سے ذکرکیا جاچکا ہے۔ مختصر طور پر عرض ہے کہ مذکورہ کیس میں یہ دیکھنا پڑے گا کہ آپ کا ہروب لگے کتنا وقت گزر چکا ہے اگر 20 دن سے زائد ہیں تو ہروب کینسل کرانا کافی دشوارہوتا ہے، اگر کفیل کی جانب سے آپ پر کوئی مطالبہ ہے اور اس نے ہروب کے ساتھ ’مطلوب‘ کی بھی پابندی عائد کر دی ہے تو معاملہ مختلف ہو گا۔ اقامہ کی مدت کا بھی تعین کرنا پڑے گا کہ اقامہ ایکسپائر ہوئے کتنی مدت ہو گئی ہے، اس صورت میں قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رجوع کر کے درخواست دیں جہاں سے آپ کو قانونی مدد مل سکتی ہے۔

سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر بھی خصوصی احتیاطی انتظامات کیے گئے ہیں (فوٹو:اے ایف ہی)

قدیر رانجھا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لیے نیا ورک ویزہ اپلائی ہو سکتا ہے یا نہیں؟
جواب: کورونا وائرس کے حوالے سے موجودہ صورتحال میں سعودی حکومت نے تمام ویزوں پرعارضی پابندی عائد کی ہوئی ہے اس حوالے سے پالیسی وہی ہے یعنی جب تک وائرس کےحوالے سے حالات بہترنہیں ہو جاتے اس وقت تک عارضی طورپر کوئی نیا ویزہ جاری نہیں ہو گا۔

اردو نیوز کے قارئین کے مزید سوالات کے جواب آج سنیچر کی شب کو دوسری قسط میں شائع کیے جائیں گے۔

  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: