وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان
پاکستان نے پہلے کوارٹر میں ایک اور چوتھے کوارٹر میں تین گول کیے۔ (فوٹو: ایف آئی ایچ فیس بک)
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ٹیم کی محنت اور کھیل کے لیے لگن کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ٹیم کی شرکت نے ہاکی شائقین میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا ہے اور یہ انعام کھلاڑیوں کی ثابت قدمی کا واضح ثبوت ہے۔
قومی ہاکی ٹیم نے 6 مارچ کو مصر کے شہر اسماعیلیہ میں کھیلے گئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں جاپان کو 3-4 سے شکست دے کر نہ صرف فائنل میں جگہ بنائی۔
میچ کے دوران پاکستان نے ابتدا میں برتری حاصل کی تاہم جاپان نے دوسرے کوارٹر میں مقابلہ برابر کر دیا اور تیسرے کوارٹر میں مزید دو گول کرکے 3-1 کی برتری حاصل کی۔ دباؤ کے باوجود گرین شرٹس نے آخری کوارٹر میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے تین گول سکور کیے اور میچ 3-4 سے اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عماد، ابو بکر محمود، سفیان خان اور افراز نے ایک، ایک گول سکور کیا جبکہ محمد عماد کو عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 سرکل پینیٹریشنز کیں جبکہ جاپان کی جانب سے یہ تعداد 17 رہی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے کوالیفائر کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے علاوہ آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت بھی یقینی بنا لی۔