مریضوں کی مجموعی تعداد 238 تک پہنچ گئی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت صحت کے مطابق بدھ کو نئے کورونا وائرس کے مزید 67 کیس سامنے آئے ہیں۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 238 تک پہنچ گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بدھ 18مارچ کو جاری بیان میں بتایا ہے کہ ’نئے مریضوں میں 45 ایسے ہیں جو برطانیہ، ترکی، سپین، سوئٹزرلینڈ، فرانس، انڈونیشیا اور عراق سے گذ شتہ دو روز کے دوران سعودی عرب پہنچے ہیں۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کو ایئرپورٹ سے براہ راست قرنطینہ پہنچا دیا گیا۔ طبی معائنے سے پتہ چلا کہ یہ سب کورونا وائرس کے شکار ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’گیارہ مریض ایسے ہیں جو پہلے سے اس وائرس میں مبتلا افراد سے ملتے جلتے رہے اور گیارہ کی بابت تحقیقی رپورٹ تیا رکی جارہی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ نئے 67 مریضوں میں سے 19 ریاض، 23 مشرقی ریجن، 13 جدہ ، گیارہ مکہ مکرمہ اور ایک عسیر میں ہے۔
وزارت صحت کا کہناہے کہ’ نئے کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 238 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 6 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ دیگر قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔ ایک کی حالت اب بھی نازک ہے‘۔
کورونا وائرس170ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت صحت نے تمام سعودی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں سے پھر اپیل کی کہ’ وہ معاشرے کی سلامتی اور خود اپنی جان کی سلامتی کے لیے جاری کردہ ہدایات کی سختی سے پابندی کریں‘۔
’کسی سے مصافحہ نہ کریں۔ بار بار ہاتھ دھوتے رہیں۔ بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہیں‘۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ’ اگر کسی کے ذہن میں کوئی سوال یا اشکال ہو تو وہ پہلی فرصت میں صحت رابطہ مرکز 937 سے رابطہ کرے۔ کورونا وائرس سے متعلق تمام معلومات سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔ افواہوں کے چکر میں نہ پڑا جائے‘۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس170ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔